سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے آج ایک اور اجلاس۔ آئندہ ماہ کانگریس امیدواروں کی پہلی فہرست !
حیدرآباد 28 اگسٹ (سیاست نیوز) قبل ازوقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کے درمیان گاندھی بھون میں کانگریس کے اہم قائدین کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد 29 اگسٹ کو ایک اور اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئندہ ماہ کانگریس امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے سے بھی اتفاق کیا گیا۔ ٹی آر ایس کے جلسہ عام کے بعد کانگریس کا جوابی جلسہ منعقد کرتے ہوئے سونیا گاندھی کو مدعو کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ آج گاندھی بھون میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی عاملہ، اضلاع و سٹی کانگریس صدور، ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا جس میں مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ انتخابی منشور میں شمار کئے جانے والے اہم اُمور بالخصوص 2 لاکھ روپئے تک کسانوں کے قرض کی معافی، آسرا پنشن اسکیم کو دوگنا کرنے کے علاوہ 10 لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3 ہزار روپئے بے روزگاری بھتہ جاری کرنے کا پہلے ہی اعلان کیا جاچکا ہے۔ بعدازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں کسی بھی وقت انتخابات کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہے اور 75 اسمبلی حلقوں پر آسانی سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے کانگریس حکومت تشکیل دے گی۔ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کا سامنا کرنے کے لئے امیدواروں کا انتخاب کرنے آئندہ ماہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ جیتنے والے امیدواروں کو ہی ٹکٹ دیا جائے گا اور ٹکٹ کی تقسیم میں سماجی انصاف کیا جائے گا۔ ٹی آر ایس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور کانگریس پارٹی عوام کے درمیان پہونچ کر حکومت کی ناکامیوں کو آشکار کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے سماج کے تمام طبقات کو دھوکہ دینے کا چیف منسٹر پر الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہاکہ قبل ازوقت انتخابات کا اعلان ہوتا ہے تو کانگریس پارٹی ہمخیال جماعتوں سے اتحاد کے بارے میں سنجیدگی سے غور کرے گی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ غیر مشروط شامل ہونے والے قائدین کے لئے کانگریس پارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں مختلف طبقات کے لئے بھونس تعمیر کرنے کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سماج کے ہر طبقہ کو جھوٹے خواب دکھائے گئے ہیں مگر ایک طبقہ کے لئے بھی بھون تعمیر نہیں کیا گیا۔