ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کرنے کا بھی مشورہ ، کانوکیشن سے پرنب مکرجی کا خطاب
بنگلور ۔ /28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے قانون کے طلباء پر زور دیا کہ وہ جامع طور پر دستور کا مطالعہ کریں ۔ وہ حکمرانی اور مملکت سے مربوط تمام امور میں حصہ لے کر تبدیلی کی راہیں کشادہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ تمام قانون کے طلباء پر زور دیتا ہوں کہ وہ ہمارے دستور کا عمیق مطالعہ کریں ۔ ہمارے سیاسی نظام اور اس کے اداروں کو سمجھیں کیوں کہ یہ تمام دستور و قانون کے مطابق ہی قائم کئے گئے ہیں ۔ ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کرنے کے لئے انتخاب کا تجزیہ بھی کریں ۔ پرنب مکرجی بنگلور میں نیشنل لا اسکول آف انڈیا یونیور سٹی کے 24 ویں سالانہ کانوکیشن سے خطاب کررہے تھے ۔ تبدیلی کے لئے آپ کو حکمرانی اور مملکت سے مربوط تمام امور میں حصہ لینا ہوگا ۔ قانونی اور سیاسی اداروں کو مضبوط بنانے میں آپ کی صلاحیتیں معاون ہوں گی ۔ صدرجمہوریہ کی تقریر کے مطابق انہوں نے قانون کے طلباء پر یہ زور دیا کہ وہ ملک کی مدد کرتے ہوئے بہترین شہریوں کو تیار کرسکتے ہیں جو سماج میں دستیاب تمام مواقع سے استفادہ کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے ۔