قاتل روڈی شیٹرس کو پھانسی دیجائے، نعش کیساتھ دھرنا

فرسٹ لانسر میں غنڈہ عناصر کی سرگرمیوں پر برہمی، مانصاحب ٹینک اور اطراف ٹریفک درہم برہم

حیدرآباد ۔ یکم فروری (سیاست نیوز) فرسٹ لانسر میں کل روڈی شیٹرس کے ہاتھوں قتل ہونے والے سید شرف الدین کے افراد خاندان اور مقامی عوام نے روڈی شیٹرس کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے مقتول کی نعش کے ساتھ علاقہ میں دھرنا منظم کیا جس کے نتیجہ میں مانصاحب ٹینک اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک درہم برہم ہوگئی۔ پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی تھی جس کے بعد اُن کے رشتہ داروں نے اُسے بذریعہ ایمبولنس اُن کے مکان خواجہ نگر فرسٹ لانسر منتقل کرنے کے دوران اچانک سڑک پر آج شام 4.30 زبردست دھرنا منظم کیا جس کے نتیجہ میں پولیس حرکت میں آگئی۔ مقتول شرف الدین کے افراد خاندان نے حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے اور بہیمانہ قتل میں ملوث روڈی شیٹرس کو پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ تین گھنٹے تک احتجاج جاری رہا جس میں احتجاجیوں نے روڈی شیٹرس کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے اُن کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور پولیس کو روڈی شیٹرس کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اچانک شدید احتجاج کے نتیجہ میں مانصاحب ٹینک اور دیگر علاقوں میں ٹریفک کا بہاؤ بُری طرح متاثر ہوگیا اور پولیس بے بس نظر آئی۔ احتجاجی اپنے مطالبہ پر اٹل رہے اور اس قسم کے واقعات دوبارہ اُن کے علاقہ میں رونما نہ ہونے کا تیقن دینے پولیس سے مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ کل فرسٹ لانسر کٹہ علاقہ میں روڈی شیٹر ارشد بختیار اور فردوس عرف شوٹر فردوس اور دیگر دو افراد نے کار میکانک سید شرف الدین کا قتل کردیا اور دیگر تین افراد کو شدید زخمی کردیا تھا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کرکے بعض خاطیوں کو حراست میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے لیکن پولیس کی کارروائی پر بے اطمینانی کے نتیجہ میں سید شرف الدین کے افراد خاندان اور مقامی عوام نے احتجاج منظم کرتے ہوئے پولیس کو یہ پیغام دیا کہ اُن کے علاقہ میں روڈی عناصر کی غیر قانونی سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر مسٹر کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ خاطیوں کی تلاش جاری ہے اور تحقیقات میں اطمینان بخش پیشرفت ہوئی ہے۔ روڈی شیٹرس کے خلاف عوام کی برہمی کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے وینکٹیشور راؤ نے اپنے زون کے روڈی شیٹرس کو اچانک طلب کرلیا اور اُنھیں اپنی حرکتوں سے باز آنے ورنہ اُن کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔سید شرف الدین کی نماز جنازہ مسجد قادریہ فرسٹ لانسرز میں ادا کی گئی جبکہ تدفین قبرستان فرسٹ لانسرز میں عمل میں آئی۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں مقامی عوام اور خاندان کے افراد موجود تھے۔