فیس بک پر وزیر اعظم کو جان سے مارڈالنے کی دھمکی دینے والا نوجوان لڑکا گرفتار

غازی آباد : اتر پردیش کے غازی آباد ضلع کے لونی ممبر اسمبلی نند کشور گرگ کی فیس بک پوسٹ پر وزیر اعظم نریندر مودی کو گولی مارنے کی دھمکی دینے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ دسویں جماعت پاس ملزم نے اپنے رشتہ کے بھائی کو پھنسانے کے لئے مہاراشٹرا کے ایک کسان کی آئی ڈی ہیک کر کے یہ دھمکی دی تھی ۔

ملزم کئی فیس بک آئی ڈی چلاتا تھا او راس نے ایک دیگر نوجوان کے نام سے فرضی آئی ڈی بناکر بھی گالی گلوج والا تبصرہ کیا تھا ۔اس معاملہ میں ستیہ پرکاش چودھری عرف گلو پردھان نے مقدمہ درج کروایاتھا ۔پولیس نے سائبر سیل کی مد د سے ملزم کو گرفتار کرلیا ۔غازی آباد کے ایس ایس پی ویبھوکرشن نے بتایا کہ گرفتار ملزم غازی آباد کے لونی کا رامیشور پارک کا رہنے والا ۱۹؍ سلمان ہے۔سلمان اپنے رشتہ دار بھائی ندیم سے دشمنی رکھتا تھا ۔

اسی لئے اس نے آئی ڈی ہیک کرلی او راس سے وزیر اعظم گولی مارنے جیسا تبصرہ کیا ۔ایس ایس پی نے بتا یا کہ سلمان نے ندیم کو بڑے معاملہ میں پھنسانے کی دھمکی دی تھی ۔مہاراشٹرا کے ایک کسان باپو راج کی آئی ڈی پر ان کا موبائیل نمبر تھا ۔ملزم نے ان کی آئی ڈی لاگ آن کرکے راج گرو کی پروفائیل کی تفصیلات بدل ڈالیں او رنام بدل کر ندیم خان کردیا ۔اور اسی آئی ڈی سے سلمان نے وزیر اعظم کو قتل کی دھمکی دی تھی ۔