ناگا ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وسطی فلپائن میں شدید بارش کے بعد زمین کھسکنے کے واقعات نے لوگوں کو ایک بار پھر مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ 18 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ درجنوں افراد لاپتہ بھی بتائے گئے ہیں۔ ملک کے شمالی علاقہ میں طوفان حنگ کھوٹ کی تباہیوں سے ابھی لوگ سنبھلے بھی نہیں تھے کہ وسطی فلپائن میں شدید بارش نے لوگوں کو آگھیرا۔ ایمرجنسی ورکرس پھاؤڑے اور کدال کیساتھ بچاؤکاری میں مصروف ہیں۔ یہاں کا مشہور و معروف سیاحتی مقام جزیرہ سیبو بھی شدید بارش اور طوفانی ہواؤں سے متاثر ہوا ہے۔ شدید بارش کی وجہ سے ایک پہاڑی چٹان پھسل کر مکانات پر آ گری۔ اطلاعات کے مطابق چٹان نے دس مکانات کو تباہ کردیا جس میں صبح کی اوقات میں لوگ محوخواب تھے۔ زخمیوں کو ایمبولنس کے ذریعہ ہاسپٹلس منتقل کیا گیا جبکہ کچھ زخمیوں کو قریب میں واقع ایک چرچ کی بنچس پر لٹا کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔