منیلا، 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) فلپائن میں شدید’مانگ کھٹ’ طوفان کی زد میں آنے سے کم سے کم 28 افراد کی موت ہو گئی ہے ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے چیف کوآرڈینیٹر اور صدر روڈریگو دورتے کے مشیر فرانسس ٹالنٹنو نے اتوار کو ٹیلی فون پر بتایا کہ ہفتہ کی شب آئے طوفان سے مرکزی جزیرے لوزون کے کورڈیلیرا علاقے میں 20 لوگوں کی جان چلی گئی ہے . اس علاقے سے متصل نیوا ووزکیا صوبے میں طوفان نے چار لوگوں کی جان لے لی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان کی رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے ، انتہائی شدید باد و باراں کے ساتھ زوردار جھکڑ سے معمولات زندگی معطل ہوگئے اور شاہراہوں پر نصب ہولڈنگز اور کھمبے گرگئے جب کہ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں ۔طوفان کے باعث کئی دیہات اور شہر بجلی کی فراہمی سے محروم ہوگئے جس کی وجہ سے 40 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ، گھروں کی چھتیں اڑگئیں جب کہ میدانی علاقوں میں پانی جمع ہوگیاہے ۔ریسکیو اداروں کو الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ شہر کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔ اب تک سینکڑوں زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔دوسری جانب منگکھٹ طوفان کل ہانگ کانگ پہنچ رہا رہے جس کے باعث ہانگ کانگ میں بھی موسلا دھار بارشوں اور طوفانی جھکڑوں سے نمٹنے کے لیے حفاظتی انتظامات کا سلسلہ جاری ہے ۔واضح رہے کہ پانچ سال قبل فلپائن میں آنے والے طوفان ٹائیفون نے 6 ہزار سے زائد افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیئے تھے ۔ہانگ کانگسے موصولہ اطلاع کے بموجب فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد طاقت ور طوفان ’منگ کھٹ‘ جنوبی چین پہنچ گیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن میں سال کا سب سے طاقت ور طوفان ’منگ کھٹ‘ 28 افراد کو ہلاک اور بڑے پیمانے پر تباہی مچانے کے بعد ہانگ کانگ پہنچ گیا۔ طوفان کے باعث ہانگ کانگ میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ 165 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواوں کی وجہ سے شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ہانگ گانگ انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ساحل سمندر پر شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ شہر کے تمام بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ ریسکیو ادارے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔