فلم پدماوت کیخلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے

سپریم کورٹ میں تازہ درخواستیں، عوام کے جذبات مجروح کرنے کی کوشش : آر ایس ایس
نئی دہلی، 24جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ میں ایک بنچ کے اجلاس پر جس کی قیادت چیف جسٹس دیپک مشرا کررہے ہیں، آج کئی تازہ درخواستیں متنازعہ فلم پدماوت کی کل ہند نمائش سے قبل پیش کی گئیں۔ عدالت نے سماعت کی تاریخ 29 جنوری مقرر کی ہے۔ دریں اثناء جئے پور سے موصولہ اطلاع کے بموجب آر ایس ایس کے عہدیدار نے آج الزام عائد کیا کہ فلم پدماوت عوام کے جذبات مجروح کرنے کی ایک کوشش ہے کیونکہ اس میں متنازعہ معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ گڑگاؤں میں 20 افراد نئی دہلی کے علاقہ روہنی میں کرنی سینا کے مشتبہ افراد، ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب کرنی سینا کے تقریباً 100 ارکان پونے میں گاڑیوں کو تباہ کرنے کے الزام میں گرفتار 15 افراد شامل ہیں، گرفتار کرلئے گئے۔ ممبئی کے مالکین تھیٹرس نے آج کہا کہ چار ریاستوں کی بڑی ملٹی پلکس میں پدماوت کی نمائش نہیں کی جائے گی کیونکہ ان کی تنظیم نے وہی فیصلہ کیا ہے قبل ازیں سپریم کورٹ سے سنجے لیلا بھنسالی کی متنازعہ فلم پدماوت کو ریلیز کرنے کی اجازت ملنے کے باوجودملک بھر میں اس کے خلا ف پرتشدد مظاہرے ہورہے ہیں اور جگہ جگہ قومی شاہراہوں پر رخنہ ڈالا جارہا ہے ۔رنویر سنگھ، دیپکا پدوکون اور شاہد کپور کی اداکاری والی یہ فلم کل ریلیز ہوگی ، لیکن اس کے خلاف احتجاج مسلسل پرتشدد ہوتا جارہا ہے ۔ فلم کے سلسلے میں مسلسل ہونے والی مخالفت کے مدنظر اس کا نام پدماوتی سے بدل کر پدماوت کیا گیا۔ اس کے علاوہ اس میں او ربھی کافی تبدیلیاں کی گئی ہیں لیکن بالخصوص راجپوت سماج کی طرف سے اس کی مخالفت کم نہیں ہورہی ہے ۔

فلم کی سخت مخالفت کرنے والی کرنی سینا کے صدر لوکیندر سنگھ کالوی نے سپریم کورٹ کوفلم کو ریلیز کرنے کی اجازت دینے کے باوجود آج پھر کہا کہ وہ پدماوت کو ریلیز نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں ین سارے تنازع کے لئے فلم ساز کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ۔ یہ سنجے لیلا بھنسالی کی سازش ہے ۔ ادھر فلم کے سلسلے میں ملک بھر میں مظاہروں کی خبریں ہیں۔ قومی دارالحکومت خطہ کے گروگرام میں پدماوت مخالفین نے وزیر پور پٹودی روڈ کو جام کردیا اور آتش زنی کی۔ گروگرام میں قانون و انتظام برقرار رکھنے کے لئے اتوار تک دفعہ 144لگائی گئی ہے ۔ پدماوت کے مخالفین نے دہلی، جے پور شاہراہ کو بھی جام کردیا ہے ۔ جے پور کے ویشالی نگر میں دہلی جے پور روڈ کو مظاہرین نے بلاک کردیا ہے ۔اترپردیس کے دارالحکومت لکھنؤ میں ویو سنیما کے آس پاس سیکورٹی مضبوط کردی گئی ہے ۔ متھرا میں بھی پدماوت کے سلسلے میں مظاہرین نے بھوتیشور ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کو روک کر احتجاج کیا۔مدھیہ پردیش کے بھوپال، گوالیار، اندور ، اجین ، رتلام اور مورینا میں فلم مخالفین کا احتجاج جاری ہے ۔ممبئی پولیس پوری طرح چوکنا ہے اور کسی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لئے سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ۔ پولیس نے کرنی سینا کے لیڈروں کو گرفتار بھی کیا ہے ۔ ممبئی میں پچاس لوگوں کو پولیس گرفتار کرچکی ہے ۔ احمدآباد میں بھی چوالیس لوگوں کے گرفتار ہونے کی خبر ہے ۔ گجرات ملٹی پلیکس آنرز ایسوسی ایشن نے ریاست میں کسی بھی سنیما گھر میں پدماوت کی نمائش نہیں کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی نے فلم کی نمائش سے پہلے اسے کرنی سینا کو دکھانے کی پیش کش کی تھی ۔ پہلے کرنی سینا کے سربراہ کالوی اس سے متفق ہوگئے تھے لیکن بعد میں وہ مکر گئے ۔