فلم ’پدماوت‘نہ دکھائیں نہ دیکھیں : آر ایس ایس

جئے پور ۔ 25جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) راشٹرا سیوم سنگھ کی راجستھان یونٹ نے عوام اور تھیٹر مالکین سے کہا ہے کہ وہ فلم ’’پدماوت‘‘ دیکھنے اور دکھانے سے گریز کریں ۔ کیونکہ بقول ان کے ’’ یہ انتہائی متنازعہ فلم عوامی جذبات کو مجروح کرنے والی اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنے والی ہے ‘‘ ۔ آر ایس ایس کے شمال مغربی یونٹ سنگھ چالک بھگوتی پرکاش نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ فلم پدماوت غیر مصدقہ ‘ متنازعہ اور تصوراتی کہانیوں پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کسی بھی فلم کو بھائی چارگی کا پیغام دینا چاہیئے ‘ تاہم سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوت عوامی جذبات کو مجروح کرنے اور سماجی بھائی چارگی کو برباد کرنے والی فلم ہے جو کہ انتہائی تشویشناک امر ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ’’ آخر ہم علاء الدین خلجی جیسے ظالم اور تعصب پسند بادشاہ کو پیش کرتے ہوئے سماج کو کیا بتانا چاہتے ہیں ‘‘۔ بقول ان کے ’’ خلجی نے ملک کو لوٹا ‘لوگوں کو غلام بنایا ‘ خواتین کو مجبور کیا کہ وہ اس سے شادی کرے ‘ اس کی ظلم و بربریت کی وجہ سے بے شمار جنگجوؤں کو اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھونا پڑا ۔ بھگوتی پرکاش نے مزید کہاکہ تمام سینما ہال مالکین اور عوام سے وہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس فلم کو دیکھنے سے احتراز کریں ۔ واضح رہے کہ فلم پدماوت جسے آج ملک بھر میں نمائش کیلئے ریلیز کردی گئی ہے 17ویں صدی کی جنگ جو کہ مہاراجہ رتن سنگھ اور اس کی فوج میوار اور سلطان علاء الدین خلجی کے درمیان لڑی گئی تھی پر مشتمل ہے ۔