حیدرآباد 7 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں آج فلمی اور اسپورٹس شخصیتوں نے بھی اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔ خاطر خواہ تعداد میں یہ لوگ پولنگ بوتھس پہونچے ۔ اداکار سے سیاستدان بننے والے چرنجیوی ‘ سینئر اداکار کرشنا ‘ معروف ہیروز ناگرجنا ‘ این ٹی آر جونئیر اور مہیش بابو کے علاوہ باہو بلی فلم کے ڈائرکٹر ایس ایس راجا مولی نے اپنے اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور بیڈمینٹن اسٹار پی وی سنگھو نے بھی اپنے ووٹ کا استعمال کیا ۔ چرنجیوی ‘ کرشنا ‘ ناگرجنا ‘ این ٹی آر جونئیر اور ثننیہ مرزا پولنگ بوتھس پر اپنے افراد خاندان کے ساتھ پہونچے تھے اور انہوں نے وہاں ووٹ ڈالا ۔ کچھ مقامات پر دوسرے ووٹرس ان اسٹار شخصیتوں کے ساتھ سیلفی لیتے دیکھے گئے جبکہ انتخابی عملہ نے بھی ان کی پولنگ بوتھس پر آمد پر مسرت کا اظہار کیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے چرنجیوی نے تمام ووٹرس سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے جمہوریت کو مستحکم کریں۔ ناگرجنا اپنی شریک حیات اداکارہ املا کے ساتھ بوتھ پر اولین وقت میں پہونچنے والوں میں شامل تھے ۔ دوسری فلمی شخصیتوں میں نتن اور کامیڈین سنیل بھی پولنگ بوتھ پہونچے تھے ۔ ان شخصیتوں نے زیادہ تر پاش جوبلی ہلز علاقہ میں اپنے اپنے بوتھس پر پہونچ کر ووٹ ڈالا ۔ جونئیر این ٹی آر کی بہن سہاسنی کوکٹ پلی حلقہ اسمبلی سے تلگودیشم کے ٹکٹ پر اسمبلی انتخاب لڑ رہی ہیں۔