فلسطین میں یہودی فورسیس کی بربریت قابل مذمت، عرب ممالک کو متحد ہونے پر زور

انڈو عرب لیگ حیدرآباد کا یوم اظہار یگانگت، محمود الحباش، محمد محمود علی، سید وقارالدین قادری اور دیگر کے خطابات

حیدرآباد29؍ اکٹوبر(سیاست نیوز)ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے فلسطین میں یہودی فورسس کی بربریت کو قابل مذمت قراردیتے ہوئے کہاکہ آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اگر عرب ممالک متحد ہوجاتے ہیں تو انہیں اس قسم کی تکالیف کا سامنا کرنا نہ پڑتا۔ انہوں نے کہاکہ فلسطینی عوام اپنی آزادی کے لئے عظیم جدوجہد کررہے ہیں اور حیدرآبادیوں نے بھی فلسطین کی اس جدوجہد کی بھر پور حمایت کرتے ہوئے نہ صرف حیدرآباد میںاحتجاج کیابلکہ اپنی قیمتی جانوں کو بھی فلسطینی بھائیوں کے لئے قربان کرنے سے گریز نہیںکیا۔ جناب محمد محمودعلی کا اشارہ فلسطینی عوام کی حمایت میںمنعقدہ احتجاج کے دوران پولیس فائیرنگ میںہلاک ہونے والے حیدرآباد ی نوجوان کی طرف اشارہ تھا۔انہوں نے کہاکہ حکومت فلسطینی عوام کی حمایت میں موثر اقدامات اٹھائے گی اور ضرورت پڑنے پر مرکزی حکومت سے بھی اس ضمن میںنمائندگی کی جائے گی۔ وہ آج انڈوعرب لیگ حیدرآباد کے زیر اہتمام ’یوم اظہار یگانگت‘ فلسطین سے مہمانِ خصوصی مخاطب تھے۔ جناب سید وقار الدین چیرمین انڈوعرب لیگ حیدرآباد کے زیر صدارت ہوٹل تاج کرشنا میں منعقدہ اس تقریب میں فلسطین سپریم کورٹ کے جج جناب محمود الحباش نے مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر ایم وی ہنمنت رائو ، جناب عزیز پاشاہ سابق ایم پی کمیونسٹ پارٹی، رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا مسٹر اے راجا سی پی ائی اور ریاستی سکریٹری سی پی ائی ایم ڈی جی نرسمہا رائو نے ہندوستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کی نمائندگی کی جبکہ فلسطین سے اظہار یگانگت کا اظہار کرنے اور انڈوعرب لیگ حیدرآباد کی پچاس سالہ فلسطینی اور ہند عرب کاز کو خراج ِ تحسین پیش کرنے کیلئے 12ممالک کے سفیروں نے شرکت کی جن میں خود فلسطینی سفیرعدنان ابو الحائجہ کے بشمول حسن الجوارنے(اردن) ، سراج الدین حامد یوسف (سوڈان)، فخری حسن مہدی العیسی (عراق)، ڈاکٹر ریاض کامل عباس(شام) ، غسان عبدالخالق (لبنان) قابلِ ذکر ہیں۔ سعودی عرب کے قونصلر جنرل بھی شہ نشین پر موجود تھے۔سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے جناب محمد محمودعلی نے قبلہ اول کی حفاظت کے لئے کی جانے والی جدوجہد کو سراہاتے ہوئے انڈوعرب لیگ حیدرآباد اور جناب سید وقار الدین کی خدمات کی ستائش کی۔ مشیر صدر فلسطین محمد عباس و معزز جج سپریم کورٹ فلسطین جناب محمودالحباش نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلسطین کی مکمل آزادی تک ہر ایک فلسطین اپنی جدو جہد جاری رکھے گا۔ ڈاکٹر محمد جہانگیر نے محمود الحباش کی عربی تقریر کا اردو میں ترجمہ پیش کیا۔شام کے سفیر ڈاکٹر ریاض کامل عباس نے کہاکہ شام کے خلاف محاذ آرائی دراصل فلسطین کے خلاف محاذ آرائی ہے ۔ عراق کے سفیر فخری حسن مہدی العیسی نے کہا کہ 2003کے بعد سے عراق کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے ۔ 2005میں عراقی معاشرے کے تمام طبقات اور فرقوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے متفقہ طور پر جمہوریہ عراق کے نئے دستور کو منظوری دی جس میں عراق کے نئے جمہوری ڈھانچے کو قطیعت دی گئی اور اسے تمام عراقیوں کی سرزمین قرار دیا گیا۔ اور تمام عراقیوں کو ملک کی دولت میں اپنا حصہ شفافیت کے ساتھ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ،

نئے عراق کی تشکیل آسان نہیں تھی ، مشرقِ وسطیٰ کا عدم استحکام سب سے بڑی رکاوٹ تھا اس کے باوجود عراقیوں نے نا ممکن کو ممکن بنادیا۔ سوڈان کے سفیر سراج الدین حامد یوسف نے بھی داعش کو مغربی طاقتوں کی تخلیق قرار دیا ۔ انہوں نے انڈوعرب لیگ حیدرآباد کی جانب سے فلسطینی کاز کی ستائش کرتے ہوئے سوڈانی عوام کی جانب سے یگانگت کا اظہار کیا۔ لبنان کے سفیرغسان عبدالخالق نے کہا کہ وہ فلسطین کو مذہبی یا سیاسی مسئلہ نہیں سمجھتے بلکہ عالمِ عرب کو کمزور کرنے کی سازش سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے آخری سانس تک فلسطین کی حمایت کرنے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں جناب سید وقار الدین نے اپنے خیر مقدمی تقریر میں جسے انکے بھانجے سید اسد امیر الدین نے پڑھ کر سنایا کہا کہ ہندوستان ایک امن پسند ملک ہے جس نے ہمیشہ سے جیو اور جینے دو کی پالیسی کو اپنایا ۔ مہاتما گاندھی، پنڈت نہرو اور انکے بعد کے وزرائے اعظم اور حکومتوں نے ہمیشہ فلسطینی کاز کی حمایت کی۔ عظیم قائدین کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے انڈوعرب لیگ حیدرآباد نے 1967میں اپنے قیام سے لے کر آج تک فلسطینی کاز کے لئے بے لوث جدوجہد کی اور ہمیشہ فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یگانگت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ اظہار یگانگت فلسطین کا مقصد صہیونی طاقتوں کی جارحیت کی مذمت اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی اور یگانگت کا اظہار ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فلسطین کے صدر محمود عباس اگلے سال انڈوعرب لیگ حیدرآباد کی گولڈن جوبلی تقاریب میں شرکت کریں گے ۔ انہوںنے سعودی عرب اور عراق ایئر لائنس کے درمیان 27برس کے طویل وقفہ کے بعد تعلقات کی بحالی کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے انڈوعرب لیگ کلچر سنٹر (عرفات کامپلکس) روڈ نمبر 3، بنجارہ ہلز میں فلسطینی قونصل خانے کے لئے مفت جگہ کی فراہمی کا اعلان کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک دس رکنی صحافیوں کا وفد اور اس کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کا وفد فلسطین کا دورہ کریگا۔ ڈاکٹر میر اکبر علی خان وائس چیرمین انڈوعرب لیگ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔