فلائی ناس کی پروازوں کا آج سے آغاز

ریاض ۔ حیدرآباد پہلی پرواز کی صبح 8 بجے آمد ، مسابقتی کرایہ کمپنی کی خصوصیت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سعودی عرب کی بجٹ ایر لائن فلائی ناس ( طیران ناس ) حیدرآباد سے اور حیدرآباد کے لیے کل یعنی 29 جون سے اپنی پروازوں کا آغاز کررہی ہے ۔ شہری ہوا بازی کی اس کمپنی کو دوسری ایر لائنز پر کئی اعتبار سے فوقیت حاصل ہے ۔ اس کی سب سے اہم خوبی اس کے کفایتی و کم کرائے ہیں جس کے نتیجہ میں مسافرین اس ایر لائن کے طیاروں میں سفر کو ترجیح دینے لگے ہیں ۔ آپ کو بتادیں کہ فلائی ناس کی پرواز xy-325 ، 29 جون کو ریاض سے آج رات 12-30 بجے پرواز کرے گی اور صبح 8 بجے حیدرآباد پہنچے گی ۔ اسی طرح پرواز نمبر xy-326 حیدرآباد سے صبح 8 بجکر 55 منٹ پر پرواز کرے گی اور ریاض میں اس کی مقامی وقت کے مطابق 11 بجکر 15 منٹ پر آمد ہوگی ۔ 8 بزنس کلاس اور 156 اکنامک کلاس نشستوں پر مشتمل ایر کرافٹ ایر بس 320 کا شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر کل آبی توپ سلامی کے ذریعہ استقبال کیا جائے گا ۔ فلائی ناس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پروازوں کے اوقات مسافرین کی سہولت کے پیش نظر مقرر کئے گئے ہیں ۔ اگرچہ فلائی ناس کی پروازوں سعودی عرب اور پاکستان ، متحدہ عرب امارات ، کویت ، مصر ، انڈونیشیا ، ملیشیا ، ایران ، چین ، فلپائن ، نائجیریا ، جنوبی آفریقہ ، جارجیا ، شام اور لبنان کے مختلف اہم شہروں کے درمیان چلائی جاتی ہیں ۔ ہندوستان میں حیدرآباد پہلا بڑا شہر ہے ۔ آپریشن کے لیے جس کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ سعودی عرب میں برسرکار تلنگانہ و آندھرا پردیش کے باشندوں کے لیے فلائی ناس ایک نعمت غیر مترقبہ ثابت ہوگی ۔ ہمارے شہر میں ہل فورڈ روڈ آدرش نگر جیسے پرسکون علاقہ میں فلائی ناس کا دفتر واقع ہیں جہاں قابل اور تجربہ کار عملہ مسافرین کی خدمت میں مصروف ہے ۔ مسٹر محمد سلیم کنٹری منیجر انڈیا ، سید مظہر کنٹری منیجر یو اے ای ، ارشاد انصاری ہیڈ آف آپریشنس ، مسٹر شنکر سی او او اور مسٹر سمیع محمد خاں منیجر سیلز کل شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر فلائی ناس کی پرواز xy-325 کا استقبال کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کمپنی نے جو کرایوں کی شرح مقرر کی ہے ۔ وہ مسابقتی ہیں اور نشستیں بھی دستیاب ہیں ۔ بیاگیج الاونس کے ساتھ Meals کا بھی انتظام رکھا گیا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ فلائی ناس کا شمار سعودی عرب کی سرفہرست ایر لائنز میں ہوتا ہے ۔ جس میں مسافرین کے آرام اور ان کی سہولتوں کا خاص خیال رکھا گیا ہے ۔