بالاسور(اوڈیشہ) ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فوج میں تعیناتی سے قبل فضاء سے فضاء میں وار کرنے والے میزائل ’’استر‘‘ کی کامیاب آزمائشی پرواز کی گئی۔ چاندی پور آئی ٹی آر سے اس کو داغا گیا۔ ہندوستانی فضائیہ کے سیارہ ایس یو ۔ 30 سے اس میزائل کو فضاء میں داغا گیا۔ اس نے کامیاب نقل و حرکت کے بعد اپنے ہدف پر بالکل درست نشانہ لگاتے ہوئے مہم کے مقاصد کی تکمیل کی۔ بیان کے بموجب اس میزائل کی کئی آزمائشیں کی جاچکی ہیں لیکن آج کی آزمائشی پرواز کی اس لئے بھی زیادہ اہمیت ہیکہ اس کامیابی کے بعد اسے فوج میں تعینات کیا جائے گا۔ وزیردفاع نرملا سیتارامن نے ہندوستانی فضائیہ، ڈی آر ڈی او اور متعلقہ ٹیم کے ارکان کی ستائش کی۔ ہندوستان نے اس میزائل کی کامیاب پرواز کے بعد میزائلوں کی تیاری اور اسلحہ کے نظام کی ترقی کی صلاحیت حاصل کرلی ہے اور یہ آخری آزمائش تھی جس کے بعد میزائل ’’استر‘‘ کو فوج میں تعینات کرلیا جائے گا۔ ہندوستان کارپوریشن نے اس آزمائش میں اہم کردار ادا کیا۔