فرضی دستاویز کے ذریعہ شناختی کارڈز کا حصول

۔3 روہنگیائی باشندے گرفتار ۔ ڈی سی پی ایل بی نگر کا بیان
حیدرآباد۔/5جولائی، ( سیاست نیوز) فرضی دستاویزات کے ذریعہ شناختی کارڈز حاصل کرنے والے تین روہنگیائی باشندوں بشمول ایک خاتون کو بالاپور پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایل بی نگر زون مسٹر ایم وی راؤ نے بتایا کہ فرضی دستاویزات کے ذریعہ روہنگیائی پناہ گزین ہندوستانی شناخت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے تین افراد بشمول خاتون کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں بھی ایسی کوششیں کرنے والوں کے خلاف پولیس نے کارروائی انجام دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 25 سالہ محمد یونس ساکن شاہین نگر بسم اللہ کالونی متوطن مینمار 48 سالہ سلیمہ بیگم اور 49 سالہ محمد نسیم کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ اسمعیل متوطن مینمار اور محمد خالق اور خدیجہ مفرور بتائے گئے ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مینمار کے ان پناہ گزین باشندوں کو ہندوستانی شناختی کارڈز حاصل کرنے کیلئے بونافائیڈ اور دیگر دستاویزات فراہم کئے اور رہنمائی کی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔