فراکا ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، سات ہلاک، درجنوں زخمی

رائے بریلی میں حادثہ، وزیراعظم ، سونیا اور راہول گاندھی کا اظہارتعزیت، معاوضہ کا اعلان

لکھنؤ ؍ نئی دہلی ۔ 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نئی دہلی جانے والی جدید فراکا ایکسپریس ٹرین کے 9 کوچس اور انجن چہارشنبہ کی صبح اترپردیش میں رائے بریلی کے قریب پٹری سے اتر گئے جس کے نتیجہ میں کم سے کم سات افراد ہلاک اور دیگر کئی شدید زخمی ہوگئے۔ اترپردیش کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل (اے ڈی جی) امن و ضبط آنند کمار نے کہا کہ مغربی بنگال کے مالدہ سے نئی دہلی جانے والی نیو فراکا ایکسپریس (14003) ضلع رائے بریلی کے ہر چندپور علاقہ میں آج صبح 6:10 بجے حادثہ کاشکار ہوگئی۔ تقریباً 30 تا 35 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ ریلوے عہدیداروں نے کہا کہ زخمیوں میں 10 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔ چار شدید زخمیوں کا لکھنؤ کی کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی میں علاج کیا جارہا ہے۔ سرکاری ترجمان سریکانت شرما نے کہا دیگر دو زخمیوں کا سنجے گاندھی پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس میںعلاج کیا جارہا ہے۔ دیگر زخمیوں کو ریاستی دارالحکومت لکھنؤ سے 80 کیلو میٹر دور رائے بریلی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔ مسافرین کو بروقت غذا فراہم کی گئی اور آگے کا سفر جاری رکھنے کیلئے لکھنؤ منتقل کیا گیا۔ ایک خصوصی ٹرین دوپہر 2 بجے ان مسافرین کو لیکر نئی دہلی روانہ ہوئی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے انسانی زندگیوں کے اتلاف پر تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ وزیر ریلوے پیوش گوئل نے مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس پانچ لاکھ روپئے، شدید زخمیوں کو ایک لاکھ روپئے اور معمولی زخمی ہونے والوں کو فی کس 50,000 روپئے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے حادثہ کی تحقیقات کا حکم بھی دیا ہے۔ اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس دو لاکھ روپئے اور شدید زخمیوں کو فی کس 50,000 روپئے امداد کا اعلان کیا ہے۔ ریلوے بورڈ کے صدرنشین اشونی لوہانی اطلاع ملتے ہی مقام حادثہ کے معائنہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ دین دیال اپادھیائے جنکشن مغل سرائے پر ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔ اس رات یہ تمام ریل گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔ صدر کانگریس راہول گاندھی اور ان کی والدہ سابق صدر کانگریس سونیا گاندھی نے مہلوکین کے سوگوار ارکان خاندان سے اظہارتعزیت کیا۔