سالگرہ تقریب میں کیک کاٹنے کے دوران موم بتی سے آگ بھڑکنے کا شبہ
روئین ( فرانس) ۔6 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے مغربی شہر روئین کے ایک بار میں سالگرہ کی تقریب کے دوران آگ لگنے سے کم سے کم 13 افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے ہیں۔فرانس کے وزیرِ داخلہ برنارد کیزینیو کا کہنا ہے کہ کیوبا لبری نامی بار کے بیسمینٹ روم میں جمعہ اور ہفتہ کی رات کو آک لگی۔حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لئے 50 سے زائد فائر فائیٹرز کو طلب کیا گیا۔ فرانس کے وزیرِ داخلہ برنارد کیزینیو کے مطابق اس حوالے سے تحقیق کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔حکام نے اس وقعے میں دہشت گردی کے کسی بھی شک و شبہہ سے سے انکار کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ کیک پر رکھی جانے والی موم بتیاں ہو سکتی ہیں۔ ابتدائی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ آگ سیلنگ میں لگی اور لوگوں کی ہلاکتیں ممکنہ طور پر چھت میں استعمال ہونے والے مادے سے نکلنی والی زہریلی گیسوں کی وجہ سے ہوئی ہیں۔پولیس کے مطابق بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ موم بتی کی آگ کی وجہ سے تہہ خانے کی چھت پر پولیسٹرین نے آگ پکڑ لی اور یوں اچانک وہ کمرہ آگ کی لپیٹ میں آگیا، جہاں یہ پارٹی منعقد کی جا رہی تھی۔ہلاک ہونے والے افراد کی عمریں 18 سے 25 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔فرانس کے وزیر اعظم مینویل ویلز نے اس حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا: ’اس المیے پرگہرا افسوس ہے جس نے 13 نوجوانوں کی جان لے لی۔اس دوران حکام نے ان فائر فائٹرز کی تعریف کی ہے جنھوں نے فوری کارروائی کرکے اس آگ پر قابو پا لیا۔
بم کی افواہ کے بعد ایفل ٹاور کاتخلیہ
پیرس۔6 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایفل ٹاور میں بم رکھنے کی افواہ کے درمیان پولس نے ٹاور کو سیاحوں سے خالی کرا لیا۔ پولس نے بعد میں بتایا کہ افواہ جھوٹی تھی۔واضح رہے کہ مسلسل دہشت گردانہ حملوں کی وجہ سے فرانس میں ہائی الرٹ کا اعلان ہے ۔