ماسکو ۔ 12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پال پوگبا نے فرانس کی کامیابی کو تھائی لینڈ کی ایک غار میں پھنسنے والے بچوں کے نام کردیا۔ فرانس کے مسلم کھلاڑی پال پوگبا جو کچھ دن قبل عمرہ کی سعادت حاصل کرکے گئے ہیں۔ انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں اپنی ٹیم کی کامیابی کو تھائی لینڈ کی غار میں پھنسے بچوں کے نام کردیا۔ پوگبا نے کہا کہ یہ جیت انتہائی شاندار تھی جس کو وہ غار میں پھنس جانے والے ہیروز سے منسوب کرتے ہیں جو کافی مضبوط ہیں۔ واضح رہیکہ تھائی لینڈ جونیر فٹبال ٹیم کے 12 کھلاڑی اور ان کے کوچ شدید بارش اور طوفان کے بعد ایک غار میں پھنس گئے تھے جنہیں طویل آپریشن کے بعد غار سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ فرانس کی ٹیم 15 جولائی کو فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں کروشیا سے مقابلے کیلئے میدان میں اترے گی۔
تھائی لینڈ میں بچاؤ مہم کے مقام غار کو میوزیم بنانے کا فیصلہ
مائے سائی (تھائی لینڈ) ۔ 12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ کے جس غار سے بچاؤ کاری عملہ نے فٹبال کی پوری ٹیم اور ان کے کوچ کو بچایا تھا، اس مقام کو اس ناقابل یقین مہم کی یادگار کے طور پر ایک میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا جبکہ ایک فلم پروڈیوسر اس حادثہ اور بچاؤ کاری مہم پر فلمسازی کیلئے بھی تیار ہے جن میں غوطہ خوروں اور ڈاکٹروں نے اہم رول ادا کیا۔ بچاؤ کاری مہم کی ویڈیو فوٹیج رونگھٹے کھڑے کردینے والی ہے جہاں ٹیم کو 11 تا 16 سال عمر کے لڑکوں کو بچانے کی جدوجہد کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ بعدازاں بچائے گئے تمام لڑکوں کو ہاسپٹل کے بستر پر مسرور دکھایا گیا ہے۔ فی الحال ان لڑکوں کو ہاسپٹل کے ایک علحدہ گوشے میں نگرانی کیلئے رکھا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ انہیں کوئی آبی انفکشن تو نہیں؟ ورکرس نے آج تھام لوانگ کیئو کے دہانے سے انڈسٹریل پمپس، انتہائی بھاری مشینیں اور دیگر تعمیراتی اشیاء کو ہٹانا شروع کردیا جو گذشتہ 18 دنوں کے دوران استعمال کی گئیں۔ دریں اثناء ریسکیو چیف نارونگ ساک اوسوٹنا کورن نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس مقام کو ایک میوزیم میں تبدیل کیا جارہا ہے جہاں بچاؤکاری مہم کے دوران استعمال کئے گئے کپڑے اور آلات ؍ مشینیں وغیرہ رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ میں یوں تو سیاحوں کی دلچسپی کے بے شمار مقامات ہیں لیکن آج ان مقامات میں ایک اضافہ اور ہوا ہے اور یقینی طور پر تھائی لینڈ آنے والے سیاح اس غار کے دہانے تک بھی ضرور آئیں گے۔ میوزیم بنانے کیلئے بھی 50 افراد شبانہ روز کام کررہے ہیں۔ نیشنل ڈاک رینجر پنٹ پونگ وونگما نے بتایا کہ یہ کام اتوار تک جاری رہ سکتا ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی غار کے اندر جانے کی اجازت نہیں ہے حالانکہ وہاں اب بھی بچاؤ کاری کا سازوسامان پڑا ہوا ہے لیکن مہم کے اختتام کے بعد وہاں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔