دولت اسلامیہ نے حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی: شعبہ تشہیر
تریبیس (فرانس) ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی فرانس میں ایک شخص نے جس کا دعویٰ ہیکہ وہ دولت اسلامیہ گروپ کا رکن ہے، کم از کم تین افراد کو فائرنگ کے ذریعہ ہلاک کردیا۔ فوج نے بندوق بردار کو گولی مار دی جو سمجھا جاتا ہیکہ مراقشی نژاد ہے اور مشتبہ دولت اسلامیہ کے انتہاء پسندوں کی فہرست میں شامل ہے۔ اس نے قریبی تریبیس اور عہد وسطیٰ کے قصبہ کارکاسن میں تین دہشت گرد حملے کئے تھے۔ اس شخص نے پہلے تو کارکاسن سے ایک کار کا اغواء کرلیا۔ کار میں سفر کرنے والے شخص کو ہلاک اور ڈرائیور کو زخمی کردیا۔ اس کی فائرنگ سے قریب میں جاگنگ کرنے والا ایک ملازم پولیس بھی ہلاک ہوگیا۔ بعدازاں وہ تریبیس کی سوپر مارکٹ پہنچا اور اس نے یہاں موجود افراد کو یرغمال بنا لیا جو اس کی حبس بیجا میں تقریباً تین گھنٹے رہے۔ بعدازاں اس نے ان میں سے دو افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ مبینہ طور پر حملہ آور کے پاس چاقو، بندوق اور دستی بم بھی تھے اور وہ اللہ اکبر کے نعرے لگا رہا تھا۔ بیروت سے موصولہ اطلاع کے بموجب دولت اسلامیہ نے اس دہشت گرد حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔