فرانس : اسپورٹس کمپنی ڈکاتھ لن نے حجاب فروخت کرنا بند کردیا ۔ 

پیرس : اسپورٹس ملبوسات تیار کرنے والی کمپنی ڈکاتھ لان نے فرانس میں سیاستدانوں کی جانب سے مسلم خواتین کے لباس او ر خصوصی طور پران کے حجاب پر تنقید کئے جانے کے بعد حجاب کی فروختگی بند کردی ہے ۔ ڈکاتھ لان اسپورٹس کی بہترین ملبوسات تیار کرنے والی کمپنیو ں میں شمار کی جاتی ہے ۔ یہ کمپنی خواتین او ر خصوصاً مسلم خواتین کیلئے بہترین ڈیزائن کے لباس تیار کرنے میں شہرت رکھتی ہے۔

ڈکاتھ لان کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے ملبوسات میں خواتین کا حجاب بھی ہے جو مختلف کھیل کھیلنے والی خواتین زیب تن کرتی ہیں ۔ ڈکاتھ لان کا لباس نوجوان عرب لڑکیاں بھی شوق سے پہنتی ہیں ۔ تاہم اب اس کمپنی نے فرانس میں حجاب فروخت کرنا بند کردیا ہے ۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ڈکاتھ لان نے فرانس میں مسلم خواتین کے لباس او رخصوصی طور پر ان کے حجاب پر کئے گئے اعتراضات کے بعد حجاب کی فروخت بند کردی ہے ۔ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ فرانس میں ہماری کمپنی نے حجاب فروخت کرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سے قبل کمپنی نے کہا تھا کہ کمپنی کا مقصد دنیا بھر کی خواتین کے لئے بہترین لباس تیار کرنا ہے وہ اپنے مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹے گی ۔

لیکن فرانس کے سیاستدانوں کی جانب سے حالیہ چند ماہ کے دوران مسلم خواتین کے لباس کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بعد کمپنی نے دیگر ملبوسات بجائے صرف حجاب کی فروخت کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ فرانسیسی سیاستدانوں کے مطابق لباس سے اپنے جسم کو مکمل طور پر ڈھانپنے او رحجاب کرنے والی خواتین شدت پسند ہوسکتی ہیں ۔ فرانسیسی سیاستدانوں نے عوامی مقامات پر ایسے لباس پہننے پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے ۔

https://www.bbc.com/news/world-europe-47380058