فتویٰ پر اُتراکھنڈ ہائیکورٹ فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں چیلنج

’’کسی کو مذہبی رہنمائی کے حصول سے روکنا بنیادی حقوق کے مغائر ‘‘: مولانا محمود مدنی
نئی دہلی۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فتویٰ سے متعلق اُتراکھنڈ ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے جمعیتہ العلمائے ہند نے آج سپریم کورٹ میں فوری التواء کیلئے درخواست داخل کی ہے ۔تنظیم کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا محمود مدنی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے اپنی عرضی کہا کہ ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ دستو ر ہند کی دفعہ 26اور وشوا لوچن مدان کیس بنام حکومت ہند میںبذات خود سپریم کورٹ کے فیصلے سے متصادم ہے ۔عرضی میںاستدلال کیا گیا ہے کہ دستور ہند کی دفعہ 26(B) میںہر ایک کو اپنے مذہبی مسائل میں خود کے انتظام کا حق دیا گیا ہے،لہٰذا اسے کوئی بھی عدالت ختم نہیں کرسکتی ۔ اس کے علاوہ ہائی کورٹ کا مذکورہ فیصلہ دستو رکی دفعہ 141سے بھی متصادم ہے جس کے تحت کسی بھی عدالت کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف فیصلے کا حق حاصل نہیں ہے ۔جمعیۃ علماء ہند نے عدالت عظمی میں اس بات کی بھی شکایت کی کہ ہائی کورٹ نے لشکر پنچایت کے فرمان کو ’فتوی‘سمجھنے کی غلطی کی ہے اور اس سلسلے میں صرف ہندی کے ایک اخبار کو بنیاد بنا کر فیصلہ دے دیا گیا ۔حالاں کہ اخبار کے مطالعہ سے یہ ظاہر ہوتاہے کہ وہ صرف پنچایتی فرمان ہے اور اس کا فتوی سے دور دور تک تعلق نہیں ہے ۔ یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ فتوی کسی پنچایت سے نہیں بلکہ دارالافتاء یا کسی اہل مفتی کے ذریعہ ہی دیا جاتاہے اور اس کی حیثیت صرف پوچھنے والے کی شرعی مسئلہ پر مشورہ اور رہنمائی ہے ، اس پر عمل کرنے کیلئے کسی کو مجبور نہیں کیا جاتاہے اور نہ ہی اس کی کوئی قانونی پوزیشن ہے۔ جمعیتہ العلمائے ہند نے اس کے علاوہ بھی متعدد قوانین اور فیصلہ سے متعلق پس منظر کو پیش کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے فوری اسٹے کی درخواست کی ہے۔ عدالت میں تنظیم کی طرف سے سپریم کورٹ کے وکیل شکیل احمد سید، ایڈوکیٹ نیاز احمد فاروقی ، ایڈوکیٹ عظمی جمیل، ایڈوکیٹ پرویز دباس نے درخواست دائر کی۔اس موقع پر مولانا محمود مدنی نے کہا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ انتہائی سنجیدگی کا طالب ہے،آپ کسی کو اس کے مذہبی معاملات میں رہ نمائی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتے ۔یہ سراسر بنیادی حقوق پر حملہ ہے، اس لیے جمعیۃ علماء ہند نے فوری طور سے قدم اٹھاتے ہوئے درخواست داخل کی ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت عظمی ہماری درخواست پر جلد فیصلہ کرے گی۔