فارم ہاوز پر دھاوا ‘ قمار بازی میں ملوث 25 افراد گرفتار

حیدرآباد۔/5نومبر،( سیاست نیوز) دونوں شہروں میں قماربازی کے اڈوں پر امتناع اور مختلف مقامات پر مسلسل دھاوؤں کے بعد اب مضافاتی علاقوں میں واقع فارم ہاوزس کو قمار بازی کے اڈوں میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ سائبرآباد اسپیشل آپریشن ٹیم اور شاد نگر پولیس کی ایک مشترکہ کارروائی میں سدھا پور کتور میں واقع ایک فارم ہاوز پر دھاوا کیا گیا جہاں قمار بازی اڈے کو بے نقاب کرکے شہر سے تعلق رکھنے والے 25 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب پرانے شہر کے چنچلگوڑہ و ملک پیٹ سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے کتور کے فارم ہاوز میں قماربازی میں ملوث ہونے کی اطلاع پر ایس او ٹی نے آج کارروائی کرتے ہوئے وہاں موجود افراد کو گرفتار کرلیا ۔ انکے قبضہ سے نقد رقم، تاش کی گڈیاں، موبائیل فونس اور گاڑیاں ضبط کرلی گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ 45 سالہ رحمت علی خان ساکن چنچلگوڑہ فارم ہاوز کا نگرانکار ہے اور اس کی مبینہ نگرانی میں بڑے پیمانہ پر قمار بازی کا اڈہ چلایا جارہا تھا۔ ایس او ٹی نے اس دھاوے میں سید نور اللہ حسینی، باسط خان، آفتاب علی خان، مہتاب علی خان، بشارت خان، دولت علی خان، ریاست علی خان کے بشمول قماربازی میں ملوث 25 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ دھاوے میں 24 ہزار نقد رقم، موبائیل فونس اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں۔ سب انسپکٹر کتور اے سری سیلم نے بتایا کہ قمار بازی اور حقہ نوشی کی اطلاع پر دھاوا کیا گیا ہے جہاں کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ رحمت علی خان فارم ہاوز کا منیجر ہے قمار بازی کا اڈہ چلا رہا تھا اور یہ فارم ہاوز دوبئی میں مقیم شفاعت علی خان کا بتایا گیا ہے۔ گرفتار افراد کو پولیس اسٹیشن منتقل کرکے تفصیلات ریکارڈ کرلی گئیں اور انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔