امریکہ میں داخلے کے منتظر قافلہ میں کئی افراد مجرمانہ ریکارڈ کے حامل : ٹرمپ
واشنگٹن ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غیر قانونی ایمیگرنٹس سے امریکی ٹیکس دھندگان کے 100 ارب ڈالر رائیگاں ہوجاتے ہیں انہوں نے کھلی سرحد رکھنے کی وکالت کرنے والی ڈیموکریٹک پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس سے غیر قانونی ایمیگرنٹس کا امریکہ میں آسان داخلے کی راہیں ہموار ہوئی ہیں ۔ انہوں نے یہ تبصرے ایک ایسے وقت کیے ہیں جب تین لاطنی امریکی ملکوں ایلسواڈور ، ہنڈوراس اور گوائے مالا سے تعلق رکھنے والے 5000 تا 7000 افراد پر مشتمل ایک بڑا قافلہ امریکہ میں داخلے کے کوششوں میں میکسیکو سے متصلہ جنوبی امریکی سرحد کے قریب نامساعد موسمی حالات میں پھنس جانے کے سنگین تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ غیر قانونی ایمیگرنٹس کو امریکہ میں داخلے سے روکنے کے لیے متعین امریکی سپاہی ان پر اندھا دھند فائرنگ نہیں کریں گے بلکہ اگر ان ( سپاہیوں ) پر سنگباری کی گئی تو ایسے افراد کو گرفتار کرلیں گے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس قافلہ میں شامل 300 افراد سنگین جرائم میں ملوث اور خطرناک مجرمانہ ریکارڈ کے حامل ہیں ۔ امریکہ ایسے معاملات میں الجھنا نہیں چہتا ۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ انڈیانا میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ’ غیر قانونی ایمیگرنٹس کے سبب امریکی ٹیکس دہندگان کے سالانہ 100 ارب ڈالر ضائع ہوجاتے ہیں۔ یہ رقم انڈیانا کے بجٹ سے تین گنا زائد ہے ۔ ہمیں اپنے ساتھ امریکیوں پر ان تمام قیمتی وسائل کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے جو ( امریکی ) ہمارے قوانین کا اہتمام کرتے ہیں جو ایسے غیر قانونی قافلے نہیں ہیں جو ہماری سرحدیں پھلانگ کر دراندازی کرتے ہیں اور ہمارے قانون توڑتے ہیں ۔ ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ڈیموکریٹس کی ایمیگریشن پالیسیاں نہ صرف امریکی خزانے خالی کرتی ہیں بلکہ ہماری مختلف برادریوں کے لیے بھی خطرات پیدا کرتی ہیں ۔ امریکہ میں داخل ہونے والی تقریبا 90 فیصد کوکین کے علاوہ تقریبا 100 فیصد ہیروئن جنوبی سرحدوں سے ہی آتی ہے ۔ جس سے کئی برائیاں اور مہلک واقعات پیش آتے ہیں ملک بھر میں نوجوان ہلاک ہورہے ہیں ۔۔