مسلمانوں کے غریب بچوں کو روزگار کے مواقع دستیاب،مودی حکومت کی سوچھ بھارت مہم کامیاب
نئی دہلی، 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اقلیتی امور کی وزارت ملک بھر میں چلائے جا رہے غریب نواز اسکل ڈولپمنٹ سنٹروں میں ‘سینیٹری سپروائزر’ کورس شروع کرے گی۔اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج یہاں وزارت کے مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے کیمپس میں ‘سوچھتا ہی سیوا’ کے تحت صفائی کرنے کے بعد کہا کہ تقریبا تین سے چھ ماہ کے اس سینیٹری سپروائزر کورس سے اقلیتی طبقہ کے غریب بچوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے اور اس مہم کو(سوچھتا مہم) تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید مشینوں اور ٹیکنالوجی کے ذریعہ صحت و صفائی اور گندگی وفضلہ وغیرہ سے کھاد بنانے کی تربیت بھی اس کورس میں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ غریب نواز اسکل ڈولپمنٹ پلان کے تحت ملک بھر میں 100 غریب نواز سنٹروں کا قیام کیا جا رہا ہے جن میں اقلیتی طبقہ کے غریب نوجوانوں کو مختلف رو زگار سے جڑے کورسز کرائے جائیں گے اور انہیں تربیت دی جائے گی۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں سوچھ بھارت مہم کامیاب ہو رہی ہے اور آزادی کے بعد پہلی بار صفائی، ایک جذبہ ہی نہیں بلکہ جنون بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دو اکتوبر 2014 کو شروع ہوئی یہ مہم آج عام لوگوں کے تعاون سے ایک مضبوط مشن بن گیا ہے ۔ مرکز کی مودی حکومت صاف، صحت مند، اور مضبوط ہندوستان کی تعمیرکے لئے پورے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔مسٹر نقوی نے کہا کہ آج عام لوگوں، خاص طور پر نوجوان طبقہ میں صفائی کے تعلق سے کافی بیداری آئی ہے ۔صفائی اب ایک بڑی تحریک کی شکل لے چکی ہے لوگوں کی سوچ بدل گئی ہے ۔ ملک بھر میں "سوچھ بھارت” مہم پر مبنی ‘سوچھتا ہی سیوا’ پروگرام اس سال 15 ستمبر سے گاندھی جینتی یعنی 02 اکتوبر تک منعقد کیا جا رہا ہے ۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ اقلیتی وزارت نے 15ستمبر سے 2 اکتوبر تک "‘سوچھتا ہی سیوا'” مہم کا انعقاد کیا ہے ۔ وزارت کے ہیڈکوارٹر انتودے بھون کے مختلف مقامات میں واقع وزارت کے محکموں جیسے این ایم ڈی ایف سی ، مرکزی وقف کونسل اور مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے دفاتر کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں مختلف ریاستوں کے وقف بورڈز میں بھی اس مہم کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی اقلیتی کمیونٹی کے اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں، سماجی اداروں، مدرسوں، درگاہ وغیرہ میں بھی اس کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوچھ بھارت مہم کے تحت مودی حکومت نے گزشتہ تین سال میں تین کروڑ سے زیادہ بیت الخلا کی تعمیر کرائی ہے ۔ اقلیتی وزارت بھی بڑی تعداد میں مدارس اور اقلیتی کمیونٹی کے دیگر اداروں میں ٹوائلٹ کی تعمیر کر ا کرانہیں سوچھتا مہم سے جوڑ رہی ہے ۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ ان ٹوائلٹس کی صاف صفائی اور انتظامات میں سینیٹری سپروائزر بڑا کردار ادا کرسکتے ہیں۔