عیسائیوں کو بیف نہ کھانے اندریش کمار کا مشورہ

عیسیٰ مسیح کی پیدائش گاؤشالہ میں ہوئی تھی ، آر ایس ایس لیڈرکا دعویٰ
ناگپور ۔ /29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار نے عیسائیوں کو مشور ہ دیا کہ وہ بیف کھانا ترک کردیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عیسیٰ مسیح کی پیدائش گاؤشالہ میں ہوئی تھی ۔ عیسائیوں کو بھی چاہئیے کہ وہ گائے کو ’’مقدس ‘‘ مان کر گوشت کھانا چھوڑدیں ۔ راجستھان میں ہجومی تشدد واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے جس میں ایک مسلمان اکبر خاں کی موت واقع ہوئی تھی گائیوں کے اسمگلنگ کے شبہ میں عوام کے گروپ نے انہیں زدوکوب کرکے ہلاک کیا تھا اندریش کمار نے کہا کہ ہجومی تشدد کا خیرمقدم نہیں کیا جاسکتا لیکن گائے کا گوشت کھانا چھوڑدیا گیا تو ایسے جرائم بھی رک جائیں گے ۔ جرم کا شیطان ہجومی تشدد کے لئے نہیں اکسائے گا ۔ اگر عوام بیف کھانا بند کردیں گے تو ہجومی تشدد بھی بند ہوجائے گا ۔ گائیوں کا تحفظ ضروری ہے ۔ گائے کے گوبر کو سمنٹ کے طور پر استعمال کیا جانا چاہئیے جس کے بعد ہی سماج سے غربت اور تشدد کا خاتمہ ہوگا ۔ انہوں نے رانچی میں جاگرن منچ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مذہب گائے کو ذبح کرنے کی اجازت نہیں دیتا چاہے وہ مذہب عیسائیت ہو یا کوئی اور مذہب ۔ مقدس گائے کا احترام کیا جانا چاہئیے ۔ کیونکہ عیسیٰ مسیح کی پیدائش گاؤ شالہ میں ہوئی ہے اس لئے عیسائی اس کا احترام کریں ۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ہندوؤں کو فرقہ پرست قرار دینا تمام مذاہب کو فرقہ پرست قرار دینے کے مترادف ہے ۔ ان کے اس تبصرے کو بعد ازاں مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے بھی تائید کی اور کہا کہ کمار اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں ۔