صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا جائنٹ کلکٹر رنگاریڈی کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔ 22 ڈسمبر (سیاست نیوز) عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی اراضی کے تحفظ اور غیر مجاز تعمیرات کو روکنے کے لیے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج جوائنٹ کلکٹر رنگاریڈی سندر ابنار کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں جوائنٹ کلکٹر کو رنگاریڈی کو بتایا کہ عیدگاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی 90 ایکڑ اوقافی اراضی کے تحفظ کے لیے عدالت کے احکامات کی روشنی میں جلد ہی گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر مجاز قابضین چاہتے ہیں کہ عارضی پارکنگ شیڈ کی تعمیر کے ذریعہ اپنے قبضے کو مستحکم کرے۔ انہوں نے بتایا کہ وقف بورڈ کے پاس قابضین کی جانب سے جو دعویداری پیش کی گئی وہ قابل قبول نہیں ہے۔ جوائنٹ کلکٹر رنگاریڈی سے درخواست کی گئی کہ وہ ریونیو حکام کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے عارضی شیڈس کے انہدام کو یقینی بنائے اور مکمل اراضی وقف بورڈ کے قبضے میں دی جائے ۔ جوائنٹ کلکٹر نے ا س سلسلہ میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے بھی اوقافی اراضیات کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس کو وقتاً فوقتاً ہدایات موصول ہورہی ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو اوقافی جائیدادوں اور اراضیات کے تحفظ میں سنجیدہ ہیں تاکہ ہزاروں کروڑ مالیتی اراضیات کا تحفظ ہو اور انہیں مسلمانوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے اوقافی امور کے سلسلہ میں دو مرتبہ جائزہ اجلاس منعقد کیا اور وقف بورڈ کے ریکارڈ کے تحفظ کے لیے ریکارڈ سیکشن کو مہربند کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وقف ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کا کام جاری ہے۔ محمد سلیم نے رنگاریڈی میں موجود اوقافی اراضیات کے تحفظ کے سلسلہ میں ریونیو حکام کے تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ رنگاریڈی میں بیشتر قیمتی اراضیات پر ناجائز قبضے ہیں۔ اگر ان اراضیات کا تحفظ ہوتا ہے تو وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ہوگا اور یہ رقم مسلمانوں کی فلاح و بہبود پر صرف کی جائے گی۔ انہوں نے وقف بورڈ کی جانب سے تمام ضروری مواد اور دستاویزات فراہم کرنے کا یقین دلایا جس کی بنیاد پر اوقافی اراضیات کا تحفظ کیا جاسکے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر منان فاروقی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔