عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر گورنر اور چیف منسٹر کی مبارکباد

حیدرآباد یکم / ڈسمبر ( سیاست نیوز ) حضور اکرم حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کے سلسلے میں عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پر گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرا شیکھر راؤ نے مسلم برادران کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے اپنے پیام میں کہا کہ میں عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پر مسلم بھائیوں کو دلی مبارکباد دیتا ہوں ۔ پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی حیات مبارک بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے ۔ بھائی چارگی اور محبت کا جذبہ فروغ پاتا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ حضرت پیغمبر کا مشن ہر ایک انسان کیلئے بہترین رہنمائی ہے ۔ چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ نے اپنے پیام میں مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر مسلم برادران عمل پیرا ہوکر خوشگوار زندگی گذاریں گے ۔ ریاست میں عید میلادالنبی ﷺ کا جشن نہایت ہی عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے ۔

عیدمیلادالنبیﷺ پر اے کے خان کی مبارکباد
حیدرآباد یکم / ڈسمبر ( راست ) مشیر اقلیتی بہبود حکومت تلنگانہ جناب اے کے خان آئی پی ایس ریٹائرڈ نے اپنے ایک بیان میں جشن میلادالنبیﷺ تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہمیں اس مہینہ میں خاص طور پر سیرت کے موضوع پر کتابوں کا مطالعہ کرنا چاہئے اگر ہم سیرت طیبہ کا مطالعہ کرتے رہیں گے اورحضور کی تعلیمات پر عمل کرتے رہیں گے تو ہماری دنیا اور آخرت کامیاب ہوگی ۔ ہمارے گھروں کے سب بچے تعلیم یافتہ ہوں اور لڑکیوں کی تعلیم کی طرف بھی پوری توجہ کی ضرورت ہے اگر مسلمانوں میں تعلیم عام ہوگئی تو مسلمانوں کیلئے ترقی کے دروازے کھل جائیں گے ۔ یہ مبارک مہینہ نبی رحمت سیدنا محمد رسول اللہ ﷺ کی بابرکت آمد کا ہے ۔