عیدالفطر جوش و خروش سے منائی گئی، عیدگاہوں میں کثیر اجتماعات

مسلمان،مذہبی اُمور اور شرعی مسائل کو مذاق کا موضوع نہ بنائیں
شرعی عدالتوں سے رجوع ہونے کی تلقین، ملک بھر میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف سیاہ پٹیوں کے ساتھ احتجاج
حیدرآباد۔27جون(سیاست نیوز) امت مسلمہ اتحاد و اتفاق کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرسکتی ہے اور اپنے اوپر ہونے والے مظالم کو برداشت کرنے کے بجائے ان کے تدارک کیلئے متحدہ جدوجہد کریں۔ ماہ رمضان المبارک کے دوران جس طرح عبادات میں مصروف رہے ہیں اسی طرح رمضان کے بعد بھی فرائض کی ادئیگی کو یقینی بنائیں ۔ اپنے مسائل کو مذاق کا موضوع بنانے کے بجائے اپنے مسائل کو شرعی دائرہ میں حل کرنے کے لئے علماء سے رجوع کریں۔ مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ ثانی اور مولانا سیف اللہ شیخ الادب جامعہ نظامیہ نے نماز عیدالفطر کے سب سے بڑے اجتماع سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ ریاست تلنگانہ کے علاوہ ملک کی تمام ریاستوں میں عید الفطر انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی لیکن ریاست کے مختلف اضلاع و شہر حیدرآباد کی سرکردہ مساجد و عیدگاہوں میں احتجاجی پہلو بھی دیکھا گیا اور مسلمانوں نے فاشسٹ قوتوںکی جانب سے جاری مسلمانوں پر حملے اور مسلم نوجوانوں کی ہلاکتوں پر اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے بازؤوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔دونوں شہروں میں نماز عید کے موقع پر موسم خوشگوار ہونے کے سبب عیدگاہ میر عالم میں لاکھوں کی تعداد میں مسلمانوں نے نماز عید الفطر ادا کی۔ شہر میں سب سے بڑا نماز عید الفطر کااجتماع میر عالم پر دیکھا گیا۔ جبکہ عید گاہ قدیم مادننا پیٹ‘ عیدگاہ اجالے شاہ ؒ ‘ عیدگاہ عنبر پیٹ‘ عیدگاہ بالامرائی‘ عیدگاہ شاہین نگر کے علاوہ دیگر عیدگاہوں و کھلے میدانوں میں بھی نماز عید الفطر کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ عیدگاہ میر عالم میں مولانا حافظ محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد نے نماز عیدالفطر پڑھائی اور خطبہ دیا۔ مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ نے اپنے خطاب کے دوران مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے عائلی مسائل کو شرعی عدالتوں میں حل کروائیں کیونکہ عائلی مسائل کے سبب ہم دیگر ابنائے وطن کے آگے مذاق کا موضوع بن رہے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں اتحاد و اتفاق کے ساتھ اگر ہم اپنے مسائل کو حل کرتے ہیں تو ایسی صورت میں زندہ قوم کہلائیں گے۔ مولانا جعفر پاشاہ نے عید گاہ میر عالم میں صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب الحاج محمد سلیم کی موجودگی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ طویل مدت کے بعد کسی صدرنشین و قف بورڈ نے عیدگاہ میں نماز عید ادا کی ہے اور انتظامات کی راست نگرانی کی ہے۔انہوں نے حیدرآباد پولیس کی بھی ستائش کی اور کہا کہ عائلی مسائل کو حل کرنے کے لئے حیدرآباد پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات بھی لائق ستائش ہیں۔ مولانا سیف اللہ نے کہا کہ مسلمانوں پر جس طرح کے حملہ کئے جارہے ہیں وہ انتہائی قابل مذمت ہیں اور ان حملوں کے پس پردہ جو لوگ ہیں وہ ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات کے مقابلہ کیلئے سنجیدہ و متحدہ حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ شہر کی عیدگاہوں کے علاوہ سرکردہ مساجد مکہ مسجد‘ جامع مسجد چوک‘ جامع مسجد بارکس‘ جامع مسجد ٹین پوش‘ جامع مسجد معظم پورہ‘ جامع مسجد افضل گنج‘ جامع مسجد مالا کنٹہ‘ جامع مسجد مشیر آباد کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی امت مسلمہ کی بڑی تعداد نے نماز عید الفطر ادا کی ۔ چاند رات کو ہوئی شدید بارش کے باوجود شہر کی عیدگاہوں میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ دیگر محکمہ جات کی جانب سے تیز تر اقدامات کے سبب نماز کی ادائیگی میں کوئی دشواری نہیں ہوئی۔ عید گاہ میر عالم میں شہر کی کئی اہم شخصیتوں نے نماز عید الفطر ادا کی جن میں صدر مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی بھی شامل ہیں ۔ عید گاہ میر عالم میں وسیع تر انتظامات پر تمام محکمہ جات کے عہدیداروںاور عوام نے صدرنشین وقف بورڈ جناب الحاج محمد سلیم کی حرکیاتی شخصیت کو مبارکباد پیش کی ۔ دونوں شہرو ںمیں عید کے دن بھی بعض مقامات پر شدید بارش کے باوجود عید کے جوش و خروش میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی۔