واشنگٹن 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج وائیٹ ہاوز میں اپنے 500 دن مکمل کرلئے اور انہوں نے یہ ادعا کیا کہ کئی افراد کا یہ یقین ہے کہ انہوں نے اپنے پیشرو صدور کی بہ نسبت اتنی مدت میں زیادہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ٹرمپ نے ادعا کیا کہ ان کے اقتدار میں امریکہ اب تک کی سب سے بہترین معیشت بن کر بھی ابھرا ہے ۔ ٹرمپ نے امریکہ کے تجارتی شراکت داروں بشمول کناڈا پر اسٹیل اور فولاد کی امپورٹس پر جرمانوں پر مبنی شرحیں بھی عائد کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ان کا اس عہدہ پر 500 واں دن ہے اور ہم نے بہت کچھ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ بہت سوں کا یہ خیال ہے کہ اتنی مدت میں سابقہ صدور نے اتنی کامیابیاں حاصل نہیں کی تھیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ٹیکسوں اور ریگولیشن میں کٹوتی کی گئی ‘ فوجی اور دوسرے امور سے بہتر انداز میں نمٹا گیا اور جرائم کی شرح کے علاوہ غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد میں کمی آئی ہے ۔ سرحدات کو مستحکم کیا گیا ہے ۔ ججس کو بہتر کیا گیا ہے ۔ اب ملک سب سے بہترین معیشت ہے اور یہاں ملازمتوں کا ماحول بھی بہتر ہوا ہے ۔ وائیٹ ہاوز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی صدارت سنبھالنے کے بعد سے ٹرمپ نے امریکی قیادت ‘ سکیوریٹی ‘ خوشحالی اور احتساب کو بہتر بنایا ہے ۔ وائیٹ ہاوز نے کہا کہ ٹرمپ نے امریکی قیادت کو دنیا بھر میں واضح کردیا ہے ۔ انہوں نے فوج میں اہم تحقیقات کو آگے بڑھیا ہے اور قومی سلامتی کیلئے درپیش خطرات سے بھی بہتر انداز میں نمٹا گیا ہے ۔ ٹرمپ نے امریکی عوام کو سب سے آگے لا کھڑا کیا ہے اور حکومت کو زیادہ جوابدہ بھی بنایا ہے ۔