عوام کو قبل از وقت انتخابات کی وجہ بتائی جائے : کے جانا ریڈی کا چیف منسٹر سے استفسار

کانگریس انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ، قائد اپوزیشن تلنگانہ اسمبلی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی نے قبل از وقت انتخابات کرانے کی وجہ عوام کو بتانے کا چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا اور کہا کہ کانگریس انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے جانا ریڈی نے کہا کہ عوام نے 5 سال کے لیے ٹی آر ایس کو اقتدار سونپا ہے ۔ تاہم حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر کے سی آر مزید ناراضگی بڑھنے کے خوف سے قبل از انتخابات کرانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ مگر یہ کوشش ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہر سیاسی جماعت انتخابات کے لیے تیار رہتی ہے اس طرح کانگریس بھی تیار ہے ۔ جانا ریڈی نے ٹی آر ایس قائدین کی کانگریس پر کی جانے والی تنقیدوں کو تکبر کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے نشے میں تمام قائدین گھمنڈ میں مبتلا ہوگئے ہیں ۔ دوبارہ ٹکٹ حاصل کرنے اور چیف منسٹر و ان کے ارکان خاندان کی تائید حاصل کرنے کے لیے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں ۔ قائد اپوزیشن نے انقلابی ادیب ورا ورا راؤ کے گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صرف سازش کے الزام میں بغیر ثبوتوں کی گرفتار کرنا غیر قانونی اقدام ہے ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے اس کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ضرورت پڑنے پر سپریم کورٹ کے برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کراتے ہوئے حقائق کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ۔ جانا ریڈی نے رافیل معاہدے میں بڑے پیمانے کی بدعنوانیاں ہونے کے الزامات عائد کرتے ہوئے معاہدوں کو منظر عام پر لانے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ رافیل معاہدوں میں جو بدعنوانیاں ہوئی ہے ۔ اس کا سامنا کرنے کے بجائے مرکزی حکومت راہ فرار اختیار کررہی ہے ۔ رافیل جنگی جہازوں کے کاموں کی ذمہ داری نا تجربہ کار امبانی کمپنی کو دینے کی بھی سخت مذمت کی ۔۔