عوام کا بھرپور اعتماد ذمہ داری میں اضافہ : ہریش راؤ

ٹی آر ایس کو 100 نشستیں حاصل ہوں گی، انتخابی مہم سے وزیر آبپاشی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ ان پر عوام کا بھرپور اعتماد ذمہ داریوں میں مزید اضافہ کر رہا ہے ۔ وہ عوام کی بہتر سے بہتر خدمت کے لئے خود کو وقف کرچکے ہیں۔ سدی پیٹ میں مختلف جماعتوں کے قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ مختلف جماعتوں سے قائدین کی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ بڑی تعداد میں ٹی آر ایس میں شمولیت سے میری ذمہ داری بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں ہر شعبہ کی ترقی کو ٹی آر ایس نے یقینی بنایا ۔ غریبوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے بیروزگار نوجوانوں کیلئے ماہانہ الاؤنس کا اعلان کیا ہے جبکہ سرکاری ملازمتوں پر تقررات کا عمل جاری ہے۔ حکومت نے چار برسوں میں سرکاری اور خانگی شعبہ میں تقریباً ایک لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کئے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جس طرح تلنگانہ تحریک میں سدی پیٹ دوسرے علاقوں سے آگے رہا ، اسی طرح انتخابی اکثریت میں بھی سدی پیٹ کو سبقت ملنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ میں مثالی ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ کو دو قومی شاہراہوں سے مربوط کیا گیا ہے ، بہت جلد ریل خدمات کا بھی آغاز ہوگا۔ ہریش راؤ نے کارکنوں سے کہا کہ وہ 30 دن تک پارٹی کیلئے محنت کریں۔ وہ پانچ سال تک ان کی خدمت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جتنی اکثریت ملے گی وہ اتنا ہی کام کرسکتے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کو آندھرائی قیادت کا تسلط نہیں چاہئے ۔ مہا کوٹمی کے ذریعہ تلگو دیشم تلنگانہ میں اقتدار کا خواب دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کے سبب تلنگانہ کی تشکیل میں تاخیر ہوئی لیکن آج چندرا بابو نائیڈو کے آگے اتم کمار ریڈی جھک گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم سے اتحاد کے ذریعہ تلنگانہ کے عزت نفس کو رہن رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹی آر ایس کو 100 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔