حیدرآباد۔29اگسٹ(سیاست نیوز) عوام کی کسی بھی شکایت کو فوری حل کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور جی ایچ ایم سی کے دائرہ کار میں موجود تمام مسائل کو حل کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کی جانی چاہئے ۔ مسٹر دانا کشور کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اپنے ماتحتین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ عوامی شکایات کے حل کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ عوام کو جی ایچ ایم سی کی کارکردگی پر اطمینان برقرار رہے۔ جی ایچ ایم سی عہدیدارو ںنے انہیں بتایا کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے شکایات کے حل کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیںا وراب ان اقدامات میں مزید تیزی پیدا کی جائے گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ہیلپ لائن ‘ تحریری شکایات کے حل کے علاوہ آن لائن جی ایچ ایم سی ایپلیکیشن اور ٹوئیٹر و فیس بک کے ذریعہ موصول ہونے والی شکایت کو بھی دور کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ مسٹر دانا کشور نے آن لائن موصول ہونے والی شکایات کے علاوہ تحریری و ہیلپ لائن کے ذریعہ موصول ہونے والی شکایات کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اسی مستعدی سے مسائل کو حل کرنے کی تاکید کی ۔ بتایاجاتاہے کہ عوام کی جانب سے جی ایچ ایم سی ایپلیکیشن پر درج کروائی جانے والی شکایت کے حل کے سلسلہ میں عوامی اعتماد میں اضافہ کی ضرورت ہے کیونکہ اکثر یہ دیکھا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی ایپلیکیشن پر درج کروائی جانے والی شکایات کو بغیر حل کئے بند کیا جارہا ہے اور اکثر یہ شکایات ٹوئیٹر کے ذریعہ موصول ہونے لگی ہیں اور کہا جا رہاہے فیلڈ پر رہنے والے عہدیداروںکی جانب سے شکایات کا صرف جائزہ لیتے ہوئے ان کے حل کردیئے جانے کے متعلق صدر دفتر کو واقف کروایا جا رہاہے جس کے سبب شہریوں کی شکایات بغیر حل کئے گئے جوں کی توں برقرار رہنے لگی ہیں اور جی ایچ ایم سی کے ریکارڈس میں شکایات حل ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔کمشنر جی ایچ ایم سی نے اپنے ماتحتین کو اس بات کی ہدایت دی کہ وہ اس با ت کا خصوصی خیال رکھیںکہ کسی بھی شعبہ سے تعلق رکھنے والی شکایات کو حل کرنے کے سلسلہ میں کوتاہی نہ کی جائے اور بغیر شکایت کو حل کئے شکایات کو بند کئے جانے کے واقعات کے متعلق بھی مکمل تفصیلات حاصل کی جائیں تاکہ شکایت حل نہ کرتے ہوئے شکایات کو بند کئے جانے کے معاملات کی تحقیقات کی جاسکیں۔