سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے ٹکنالوجی کے استعمال کی وکالت : ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ سے مودی کا خطاب
نئی دہلی ۔31جولائی ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ عوامی زندگی کے روزمرہ مسائل کا فنی حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی مدد کرنے کیلئے ریاستوں کے ساتھ مل کر کام کیا جارہا ہے ۔ ٹکنالوجی کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی جانب سے اختراعی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس کیلئے 10کروڑ روپئے کی لاگت سے منصوبہ بنایا جائے گا ۔ اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’ من کی بات ‘‘ میں انہوں نے مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا اور کہا کہ ان کا حالیہ دورہ جنوبی افریقہ کامیاب رہا ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ریو اولمپکس میں ہندوستان کے حصہ لینے اور آنے والے یوم آزادی تقاریب کے بارے میں بھی بات کی ۔ بچوں کی دوران زچگی اموات میں اضافہ شرح کو روکنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں ہر ماہ حاملہ خواتین کا مفت معائنہ کرنا چاہیئے ‘ 9ماہ تک حاملہ خواتین کا طبی معائنہ اور نگہداشت کی جائے گی ۔ مادر رحم میں نشو ونما پانے والے بچہ کی پیدائش میں آسانی ہوگی ۔
انہوں نے ماہرین امراض خواتین کو مشورہ دیا کہ اگر وہ سرکاری دواخانوں میں کام نہیں کررہے ہیں تو انہیں ایک دن غریبوں کا مفت معائنہ کرنے کیلئے مختص کرنے کی صرورت ہے ۔ ملک بھر میں غریب حاملہ خواتین کا معائنہ کرنے کیلئے 11لاکھ ڈاکٹرس کی ضرورت ہوگی ۔ انہوں نے آسام ‘ بہار میں سیلاب کی صورتحال کے بارے میں بتایا کہ ملک کو کل تک خشک سالی کا سامنا تھا اور آج آفات سماوی کی صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔ بارش سے کچھ علاقہ متاثر ہوئے ہیں ۔ سیلاب زدہ علاقوں سے آنے والی اطلاعات سے معلوم ہوتا ہیکہ یہاں بہت زیادہ تباہی آئی ۔ اس سلسلہ میں مرکز اور ریاستی حکومتوں کے اتحاد کے ساتھ سیلاب متاثرین کی مدد کی تمام کوششیں کی جارہی ہیں ۔ آسام اور بہار کے بشمول نئی ریاستوں میں شدید بارش ہورہی ہے جس میں کئی افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں ‘ املاک تباہ ہوئی ہے ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنی روزمرہ زندگی میں کئی مختلف مسائل کا سامنا ہے ۔ اب ہم اس کا ٹکنالوجیکل حل تلاش کریں گے ۔ ہندوستان کو کئی مسائل درپیش ہیں
اور ہم ان مسائل کا روزانہ انکاؤنٹر کرتے ہیں ۔ اب نوجوانوں کو ایسی ٹکنالوجی کا حل تلاش کرنے کیلئے ریسرچ کرنا ہوگا جس سے ہم اپنے بچوں کو ساری دنیا کی بڑی طاقتوں سے ہم آہنگ کرسکیں ۔ اس لئے مرکز نے اختراعی اقدامات شروع کئے ہیں ۔ اٹل تھنکرنگ لیاب کے قیام کے ذریعہ بچوں کی تربیت کی جائے گی جو اسکولس اس طرح کے لیاب قائم کریں گے انہیں 10لاکھ روپئے دیئے جائیں گے اور آئندہ پانچ سال تک اس طرح کے لیاب کی دیکھ بھال کیلئے اتنی ہی رقم دیجائے گی ۔ اس اختراعی کوششوں سے آج ملک خلائی سائنس میں آگے ہیں ۔ ڈاکٹر کلام کی پہلی برسی کے موقع پر انہوں نے انہیں خراج پیش کیا اور کہا کہ ملک کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو ریسرچ اور اختراعی اقدامات پر دھیان دینا چاہیئے ۔ انہوں نے آنے والے 70ویں یوم آزادی تقریبات کے بارے میں کہا کہ اس ملک میں 8اگست کو ہندوستان چھوڑدو تحریک کی 75ویں سالگرہ منائی جائے گی ۔ انہوں نے عوام سے جشن منانے کی خواہش کی۔