حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں تلگودیشم امیدوار مظفر علی خاں کا انتخابی جلسوں سے خطاب
حیدرآباد۔27نومبر(سیاست نیوز)جمہوریت میں ظلم وزیادتیوں کے خلاف حق رائے دہی عوام کے لئے ایک ہتھیار ہے۔ صحیح لوگوں کا انتخاب ایک دینی فریضہ ہے۔ پانچ سالوں کے لئے کسی ظلم‘ جابر‘ مسلمانوں کے اتحاد کے استحصال کرنے والوں کا انتخاب ‘ عوامی مسائل میں اضافہ کا سبب بنے گا۔ جہاں پر عوام تبدیلی چاہتی ہے وہیں ملک پیٹ کی عوام کو اسمبلی انتخابات کی شکل میںایک موقع ملا ہے‘ جس کو غنیمت جان کر یہاں کی عوام کو صحیح امیدوار کا انتخاب کرنے کی ضرورت ہے۔ اسمبلی حلقہ ملک پیٹ سے عظیم اتحاد( مہاکوٹومی) کے تلگودیشم امیدوار محمد مظفرعلی خان نے فرحت نگر اور باغ جہاں آراء میں منعقدہ انتخابی جلسوں سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔مظفر علی خان نے کہاکہ انہوںنے کہاکہ جہاں پر حلقہ کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیاوہیں علاقے کے تاجروں ‘ کاروباریوں کو جھانسہ دیکر کروڑ ہا روپئے ہڑپ لئے گئے۔ فرحت نگر کی عوام سے خطاب کرتے ہوئے مظفر علی خان نے دعوی کیاکہ اگر ان کے لگائے گئے الزامات کوئی غلط ثابت کردیتا ہے تو وہ فرحت نگر کی مسجد غوثیہ کے مصلیان سے جوتیوں کا گلے میںہار ڈال کر پورے اسمبلی حلقہ ملک میںگشت لگانے کے لئے تیار ہیں۔
جناب مظفر علی خان نے کہاکہ بطور کارپوریٹر میںنے اعظم پورہ بلدی حلقہ میںکروڑ ہاروپیوں کے ترقیاتی کام انجام دئے ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ فرحت نگر اور چنچل گوڑہ کے درمیان ایک ریلوے ٹریک او رنالہ حائل ہے ورنہ دونوں ایک ہی محلے میںشمار کئے جاتے تھے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کے رکن اسمبلی دولت بٹورنے کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔ جناب مظفرعلی خان نے کہاکہ نو سالوں میںایک بھی سرکاری اسپتال یا اسکول قائم کرنے کا ریکارڈ نہیںہے‘ حلقے کی عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہے اور الیکشن آنے کے ساتھ ہی عوام کے درمیان میںآکر بی جے پی کو خوف دیکھاتے ہیں اور اتحاد کی اپیل کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ عوامی خدمت کے جذبے رکھنے والے اور ذاتی مفادات کی تکمیل کے لئے اقتدار حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والوں کے درمیان کے فرق کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ مخالفت کرنے والوں پر مقدمہ درج کرکے انہیںہراسانی کرنے کاکام کیاجارہا ہے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورز یاں کی جارہی ہیں۔ مقامی نوجوانوں کو پیسوں کا لالچ دیاجارہا ہے انکار کرنے پر روڈی شیٹ کھولنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔انتخابی جلسوں کا انعقاد کرنے والے نوجوانوں کوپریشان کیاجارہا ہے۔ انہوں نے فرحت نگر او رباغ جہاں آراء کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ انہیں ایک موقع دے کر دیکھیں اور 7ڈسمبر کے روز سیکل کے نشان پر مہر لگاکر بھاری اکثریت سے انہیں کامیاب کرتے ہوئے سکیولر طاقتوں کومضبوط کریں تاکہ نریندر مودی حکومت کے خلاف کی جارہی محاذ ارائی کو استحکام مل سکے۔عظیم اتحاد میںشامل سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی جلسہ عام سے خطاب کیا۔دونوں جلسوں میںمقامی عوام کی جانب سے محمد مظفر علی خان کا والہانہ استقبال کیاگیا اور لوگ گھر وں سے نکل کر ان کی گلپوشی بھی کی اور بھروسہ دلایا ہے کہ فرقہ پرست طاقتوںکے خلاف ان کی لڑائی میںمقامی عوام ان کا بھر پور ساتھ دے گی۔