کانگریس قائدین کا توسیعی اجلاس، مرکزی کانگریس قائد چدمبرم و دیگر کا خطاب
حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد و سابق مرکزی وزیر مسٹر چدمبرم نے پرزور الفاظ میں کہاکہ کانگریس پارٹی نے محض تلنگانہ عوام کے جذبات و احساسات کا پاس و لحاظ اور احترام کرتے ہوئے ہی علیحدہ ریاست تلنگانہ فراہم کی ہے۔ آج یہاں گاندھی بھون میں کانگریس پارٹی قائدین کے منعقدہ توسیعی اجلاس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چدمبرم نے کہاکہ کانگریس پارٹی کا یہ ایقان ہے کہ چھوٹی ریاستیں ہر لحاظ سے اور ہر شعبہ میں تیز رفتار ترقی حاصل کرسکتی ہیں اور اس کے لئے گجرات، پنجاب، ہریانہ جیسی ریاستیں نہ صرف ایک مثال ہیں بلکہ ایک ثبوت بھی ہے۔ انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے گزشتہ ماہ نومبر میں بڑے کرنسی نوٹوں کو منسوخ کئے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی وزیراعظم کے مخالف عوام فیصلہ کی شدید مخالفت کی اور مخالفت کو جاری رکھے ہوئے ہے کیوں کہ بڑے کرنسی نوٹوں کی اچانک منسوخی کے فیصلہ سے صرف اور صرف غریب اور متوسط طبقہ کے عوام کافی مشکلات و مصائب سے دوچار ہوئے۔ سابق مرکزی وزیر فینانس مسٹر چدمبرم نے کہاکہ نوٹوں کی طباعت کے لئے 8 ماہ درکار ہوں گے اور قبل ازوقت احتیاطی اقدامات کئے بغیر اچانک نوٹوں کو منسوخ کردینے کی وجہ سے ہی مختلف تکالیف و مشکلات پیش آئیں۔ انھوں نے بڑے کرنسی نوٹوں کی منسوخی پر مرکزی حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ بڑے کرنسی نوٹوں کی اچانک منسوخی ایک بہت بڑا اسکینڈل ہے اور اس اسکینڈل کے پس پردہ بہت بڑی سازش بھی کارفرما ہے۔ سابق مرکزی وزیر نے کہاکہ آج بھی دیہی علاقوں میں عوام کو مناسب انداز میں رقومات فراہم نہیں ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں مکمل طور پر نقد لین دین ہوا کرتے ہیں اور ان تمام مشکلات کو نظرانداز کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی بڑے کرنسی نوٹوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کردیا۔ مسٹر چدمبرم نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کا تذکرہ کرتے ہوئے استفسار کیاکہ تلگو عوام کے لئے دو تلگو ریاستیں کیوں نہیں ہونی چاہئے اور اسی مناسبت کو پیش نظر رکھتے ہوئے دور اندیش اقدامات کے ذریعہ کانگریس نے علیحدہ ریاست تلنگانہ تشکیل دینے اور تلنگانہ عوام کا احترام کا فیصلہ کیا۔ سابق مرکزی وزیر نے تلنگانہ حکومت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے یہ جاننا چاہا کہ آیا ٹی آر ایس کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ انتخابات کے موقع پر عوام سے کئے ہوئے وعدوں اور دیئے گئے تیقنات کو کیوں پورا نہیں کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں استفسار کیاکہ آیا دلت طبقات کو تین ایکر اراضی فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہوا اور ڈھائی سال گزر جانے کے باوجود اس وعدے کو حکومت پورا کرنے سے کیوں گریز کررہی ہے۔ اس موقع پر صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی مسٹر اتم کمار ریڈی، کارگذار صدر ملو بٹی وکرامارکا، قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے جانا ریڈی اور قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر و دیگر سینئر کانگریس قائدین بھی شریک تھے۔