حیدرآباد۔ 25 ستمبر (سیاست نیوز) نئے پاسپورٹ کا حصول آسان ہوجائے گا کیونکہ محکمہ ڈاک ملک بھر میں اپنے دفاتر کے نیٹ ورک کاؤنٹرس سے پاسپورٹ کی اجرائی کا منصوبہ رکھتا ہے۔ تجرباتی طور پر یہ کام اس سال کے ختم تک دارالحکومت دہلی میں شروع کیا جائے گا اور تجربہ کی کامیابی پر سارے ملک میں ڈاک گھروں سے پاسپورٹ کی اجرائی ہوگی۔ پاسپورٹس کے لئے درخواستوں کی بھرمار سے نمٹنے کے لئے دفاتر پاسپورٹ میں عملہ کی کمی کی وجہ سے درخواستوں کی یکسوئی مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ اس کے پیش نظر محکمہ ڈاک کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ محکمہ ڈاک کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ اس مسئلہ میں وزارت خارجہ کے ساتھ محکمہ ڈاک کی بات چیت قطعی مرحلے میں ہے اور بہت جلد اس تعلق سے فیصلہ کیا جائے گا۔ دہلی کے ڈاک گھروں سے پاسپورٹ کی اجرائی کا تجربہ کیا جائے گا۔ بعد میں اسے ملک بھر کے ڈاک گھروں تک وسعت دی جائے گی۔ انڈین پوسٹل سرویس کے تحت ملک بھر میں ایک لاکھ 54 ہزار 939 پوسٹ آفسیس ہیں۔ ان میں 90% دیہی علاقوں میں اور باقی شہری علاقوں میں ہیں۔