اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ملک کی نو منتخب قومی اسمبلی میں ہونے والے قائدین ایوان کے انتخاب میں ۱۷۶؍ ووٹ لے کر ملک کے ۲۲؍ ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے ہیں ۔ ان کے مد مقابل مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کو ۹۶؍ ووٹ ملے جب کے اپوزیشن کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے ارکان نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا ۔
اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے عمران خان کی کامیابی کے اعلان کے ساتھ ہی ایوان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے نعروں سے گونج اٹھا ۔ قومی اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے برعکس قائد ایوان کا انتخاب ڈویژن کے ذریعہ ہوتا ہے جس کے تحت ارکان اسمبلی اپنے اپنے امیدواروں کی لابی میں گئے ۔ عمران خاں کے حامی لابی نمبر Aمیں گئے اور شہباز شریف کے حامی لابی نمبر B میں گئے ۔قائدایوان ایوان صدرمیں اپنے عہدہ کا حلف اٹھائیں ہیں ۔ صدر مملکت ممنون حسین نے انہیں حلف دلوایا ہے ۔
بعد ازاں نومنتخب وزیر اعظم نے اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر اوراپنی قوم کا شکر ادا کرتے ہیں جنہوں نے نے مجھے ملک میں تبدیلی لانے کا موقع دیا جس کے لئے قوم اب تک ترس رہی تھی ۔ مسٹر پرائم منسٹر نے کہا کہ تبدیلی کے لئے سب سے پہلے ہمیں کڑوا احتساب کرنا ہوگا ۔ جنہوں نے ملک و قوم کو لوٹا ہے میں وعدہ کرتا ہوں کہ سب کا احتساب کروں گا ۔