سرحد پار کی دہشت گردی پر اظہار تشویش ، ہندوستانی کرکٹرس کی دستخط کردہ بیاٹ کا تحفہ
٭ وزیراعظم کی حیثیت سے /18 اگست کو حلف
٭ کپل دیو ، سنیل گواسکر ، نوجوت سنگھ سدھو مدعو
اسلام آباد ۔ /10 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہائی کمشنر اجئے بساریا نے آج پاکستان کے نامزد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور سرحد پار کی دراندازی کے علاوہ دہشت گر دی پر ہندوستانی تشویش سے واقف کروایا ۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ۔ انڈین ہائی کمشنر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے کرکٹرس سے سیاستداں بننے والے عمران خان بنی گلا رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر انہوں نے انڈین کرکٹ ٹیم کی جانب سے دستخط کردہ ایک کرکٹ بیاٹ کو بھی بطور تحفہ پیش کیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بھی عمران خان کو مبارکباد دی ۔ عمران خان نے دونوں ملکوں کے درمیان کشمیر کے بشمول غیرمعمولی مسائل پر مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت ظاہر کی ۔پاکستانی میڈیا کے مطابق عمران خان /18 اگست کو حلف لیں گے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین کی پارٹی نے /25 جولائی کو منعقدہ انتخابات میں 116 نشستیں حاصل کی ہیں ۔ اس موقع پر سنیٹر فیصل جاوید نے اس بات کی توثیق کی کہ عمران خان کی حلف برداری تقریب میں ہندوستان کے 3 سابق کرکٹرس کپل دیو ، نوجوت سنگھ سدھو اور سنیل گواسکر کو مدعو کیا گیا ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کپل دیو ، سنیل گواسکر اور نوجوت سنگھ سندھو کو تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چند دن قبل سنیل گواسکر نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ انہیں عمران خان کی جانب سے تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ تاہم ہند اور انگلینڈ کے درمیان ٹسٹ میچ کمنٹری کی وجہ سے شائد وہ تقریب میں شرکت نہ کرسکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے 92 ورلڈ کپ کے اسٹارز کو بھی وزارت عظمیٰ کی تقریب میں حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ ایک سوال پر فواد چودھری نے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ حلف برداری کی تقریب میں تحریک انصاف کے لاکھوں کارکن شریک ہوں لیکن چونکہ یہ تقریب ایوان صدر کی جانب سے منعقد کی جارہی ہے اس لئے کارکن شریک نہیں ہوسکتے ۔