عامر خان، سدھو، کپل دیو، گاؤسکر کے بشمول کسی بھی بیرونی شخصیت کو دعوت نہیں، سادگی سے حلف لیں گے
اسلام آباد 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے وزیراعظم پاکستان کی حیثیت سے حلف لینے کی تقریب میں شرکت کے لئے بیرونی قائدین اور شخصیتوں کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اب انھوں نے اپنا فیصلہ تبدیل کردیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے بتایا کہ عمران خان نے مکمل سادگی کے ساتھ حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کسی بھی بیرونی لیڈر اور شخصیت کو مدعو نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی، عامر خان، کپل دیو، سنیل گاؤوسکر اور نوجوت سنگھ سدھو بھی بیرونی مدعوئین میں شامل تھے لیکن اب ان تمام کو مدعو نہیں کیا جارہا ہے۔ عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف 25 جولائی کو منعقدہ انتخابات میں سب سے بڑی پارٹی بن کر اُبھری ہے۔ 65 سالہ عمران خان توقع ہے کہ 11 اگسٹ کو حلف لیں گے۔ ان کی پارٹی نے ابتداء میں کئی بیرونی قائدین اور شخصیتوں کو مدعو کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی، بالی ووڈ سوپر اسٹار عامر خاں اور انڈین کرکٹرس جیسے کپل دیو، سنیل گاوسکر اور نوجوت سنگھ سدھو کو بھی اس تقریب میں شرکت کے لئے دعوت دی جانے والی تھی۔ تاہم جمعرات کے دن منصوبہ میں تبدیلی لائی گئی اور عمران خان نے دھوم دھام سے حلف لینے کے بجائے سادگی کے ساتھ حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے چیرمین نے ہدایت دی ہے کہ ان کے لئے حلف برداری تقریب سادہ سیدھا منعقد کی جائے۔ وہ ایوان صدر میں سادہ سی تقریب میں وزارت عظمیٰ کا حلف لیں گے۔ اس تقریب میں کسی بھی بیرونی شخصیت کو مدعو نہ کرکے خالص مقامی و قومی تقریب کے طور پر منعقد کیا جائے گا۔ عمران خان کے چند خاص قریبی دوست ہی مدعو کئے جائیں گے۔ اس سے ہٹ کر کوئی شان و شوکت نہیں ہوگی۔ تاہم عمران خان کے چند بیرونی دوستوں کو مدعو کیا جائے گا۔ صدر پاکستان مامون حسین عہدہ کا حلف دلائیں گے۔