بابائے سید گیٹ پر سینکڑوں طلباء کا احتجاج، اضطراب آمیزخاموشی
علیگڑھ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کیمپس میں آج اضطراب انگیز خاموشی چھائی رہی جبکہ سینکڑوں طلباء نے بابائے سید گیٹ پر دھرنا دیتے ہوئے احتجاج کیا جہاں کل پرتشدد واقعات پیش آئے تھے جس میں پولیس کارروائی سے 20 طلباء زخمی ہوئے۔ کل علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں اس وقت تشدد بھڑک اُٹھا تھا جب کیمپس میں آویزاں کردہ محمد علی جناح کے پورٹریٹ کو نکال دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ دائیں بازو کے احتجاجیوں نے اس پورٹریٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے تشدد برپا کیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے بھاری جمعیت تعینات کرتے ہوئے ریاپڈ ایکشن فورس کو بابائے سید گیٹ کے قریب مورچہ بندی کی ہدایت دی تھی تاکہ لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھا جاسکے۔ زخمی طلباء کو آج فرسٹ ایڈ کے بعد ڈسچارج کیا گیا۔ ان میں سے 3 طلباء شدید زخمی ہوئے تھے جنہیں جواہرلال نہرو میڈیکل کالج میں شریک کیا گیا ہے۔ دواخانہ کے عہدیدار نے بتایا کہ زخمی 3 طلباء اب خطرے سے باہر ہیں۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے ان طلباء نے تشدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر معینہ مدت کا دھرنا شروع کیا ہے۔