نئی دہلی ۔6جون ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی ٹی کمپنی ویپرو لمٹیڈ کے بانی عظیم ایچ پریم جی آئندہ ماہ جولائی کے اوآخر میں کمپنی کے اگزیکٹیو چیرمین اور منیجنگ ڈائرکٹر کی حیثیت سے سبکدوش ہوں گے ۔ چیف اگزیکٹیو آفیسر عابد علی زیڈ نیموچوالا کا نام نئے ایم ڈی کی حیثیت سے سامنے آیا ہے ۔ مسٹر پریم جی اس بنگلور کی کمپنی کے غیر ایگزیکٹیو ڈائرکٹر کی حیثیت سے برقرار رہیں گے ۔ عظیم پریم جی آئندہ ماہ 74 سال کے ہورہے ہیں۔ انہوں نے اس کمپنی کی 53 سال تک قیادت کی۔ نئے ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر کے علاوہ رشاد پریم جی کو بھی دوبارہ ہمہ وقتی ڈائرکٹر مقرر کیا جائے گا اور وہ 5 سال کی مدت کیلئے یعنی 31 جولائی 2019ء تا 30 جولائی 2024ء تک خدمت انجام دیں گے۔ رشاد پریم جی کو ایگزیکیٹیو چیرمین کی حیثیت سے نامزد کیا جائے گا۔ پدم بھوشن اور پدم ویبھوشن ایوارڈس پانے والے عظیم پریم جی نے اب منصوبہ بنایا ہیکہ وہ اپنا بیشتر وقت امدادی سرگرمیوں میں گذاریں گے۔ ان کی جگہ رشاد پریم جی ویپرو کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے جدوجہد کریں گے۔