چندی گڑ:حکومت نے ہفتہ کے روز بتایا کہ ہریانہ پولیس نے ڈیرا سچا سودا کے حامیوں کی دوگاڑیوں سے اے کے 47پستول ضبط کرتے ہوئے گرفتار کئے گئے غنڈوں اور خانگی سکیورٹی گارڈس پر غداری کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ ہریانہ چیف سکریٹری ڈی ایس ڈہسی نے رپورٹرس کو بتایا کہ دو ایف آئی آراس وقت درج کئے گئے جب پنجکولا عدالت نے عصمت ریزی کے مقدمہ میں گرومیت رام رحیم کو مجرم قراردینے کے بعد حراست میں لینے والے ایک سینئر پولیس افسر کے ساتھ بدسلوکی کا واقعہ بھی پیش آیا۔
انہوں نے کہاکہ ایک اے کے 47‘ ایک موزر‘ پانچ پستول‘ اور دو رائفل دو گاڑیوں سے برآمد کئے گئے جو سرسا سے پنجکولا ڈیرا سچا سودا گرمیت رام رحیم کو لانے والے قافلے کی گاڑیوں سے دستیاب ہوئے۔ پولیس کے مطابق جمعہ کے روز تشدد میں مارے گئے تمام لوگ ڈیرا حامی تھے۔ پولیس نے کہاکہ وہ تشدد میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کی کوشش کررہی ہے۔ پولیس کے مطابق ہی پنجکولا کے بشمول ریاست کے کسی بھی حصہ سے تشدد کی کوئی اطلاعات اب تک موصول نہیں ہوئی ہے
۔پولیس نے گرومیت رام رحیم کے ساتھ جیل کے اندر وی ائی پی برتاؤ کی خبروں کو مستردکردیا۔ ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق اٹھ ایف ائی آردرج کئے جانے کے علاوہ 524لوگوں کو اب تک پنجکولا سے گرفتار کیاگیا ہے۔چیف سکریٹری ہریانہ کے مطابق 101نیم فوجی دستوں کی کمپنیاں اور دس کالم انڈین آرمی ریاست میں تعینات ہے جبکہ سر سا میں بھی دس کالم فوج کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ سرسا میں ڈیرا سچا سودا کا مرکز قائم ہے۔