عصمت ریزی کے ریمارک پر سلمان خاں کا اٹل موقف

قومی کمیشن برائے خواتین کی نوٹس پر معذرت خواہی سے انکار
نئی دہلی ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : قومی کمیشن برائے خواتین کی نوٹس کے جواب میں فلمی اداکار سلمان خاں نے عصمت ریزی سے متعلق نازیبا ریمارک پر معذرت خواہی سے انکار کردیا ہے ۔ کمیشن کی صدر نشین للیتا کمار منگلم نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کمیشن کے ارکان بہت جلد اجلاس منعقد کر کے آئندہ کے اقدام پر فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس مسئلہ پر کمیشن کے دائرہ اختیار اور قانونی چارہ جوئی پر غور و خوض کیا جائے گا ۔ شریمتی للیتا نے بتایا فی الحال ، سلمان خاں کے جواب کی تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا جاسکتا اور وکلاء کی ٹیم کے ساتھ اس مسئلہ پر قانونی پہلو کا جائزہ لیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ سلمان خاں کا جواب ایک وکیل کے ذریعہ ای میل کیا گیا ہے جب کہ نیشنل کمیشن فار ویمنس نے اپنی نوٹس فلمی اداکار کے مکان روانہ کی تھی چونکہ یہ جواب ایڈوکیٹ کے ذریعہ بھیجی گئی ہے لہذا قانونی جواب تصور کیا جائے گا ۔ قبل ازیں کمیشن کی سربراہ نے کہا تھا کہ اگر فلمی اداکار کا جواب اطمینان بخش نہیں ہوگا تو انہیں کمیشن کے روبرو طلب کیا جاسکتا ہے ۔۔