عرب امارات جتھے کی قیادت میں یوم جمہوریہ پریڈ ریہرسل

نئی دہلی ۔23جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات کے 179 سپاہیوں کا ایک جتھہ اس سال کی یوم جمہوریہ ہند پریڈ کی قیادت کرے گا ۔ علاقہ دہلی کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل راجیش سہائے نے جو پریڈ کے دوسرے بڑے نگراں ہیں کہا کہ متحدہ عرب امارات اپنے 195 جوان ، 15افسران اور 15 معاون ارکان عملہ روانہ کررہا ہے جن کے منجملہ 144 جوان اور بیانڈ کے 35 ارکان اس پریڈ کا حصہ ہوں گے ۔ فرانس کے بعد امارات وہ دوسرا ملک ہے جو یوم جمہوریہ ہند کی پریڈ میں حصہ لینے اپنے سپاہی روانہ کررہا ہے ۔ یہ روایت گزشتہ سال سے شروع ہوئی ہے۔ میجر جنرل راجیش سہائے نے کہاکہ ’’وہ ( امارات کے سپاہی ) چونکہ مہمان ہیں چنانچہ اس پریڈ کی قیادت کریں گے ‘‘ ۔ اماراتی جتھہ کی قیادت کرنے والے بریگیڈیئر عبید الزھومی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب میں حصہ لینے کیلئے وہ کافی بے چین ہیں۔ بریگیڈیئر الزھومی نے کہا کہ ’’ہندوستانی فوج سے تین ہفتے قبل ہمیں دعوت نامہ موصول ہوا جس کے بعد سے ہم اس پریڈ میں حصہ لینے کی تیاری کررہے ہیں ۔ ہمارے پاس فوج ، بحریہ اور فضائیہ کے سپاہیوں کا بہترین امتزاج ہے‘‘ ۔ اس عرب ملک کے سپاہیوں نے مکمل ڈریس کے ساتھ ریہرسل میں حصہ لیاجس کا آج سے راج پتھ پر آغاز ہوا ۔ یوم جمہوریہ پریڈ میںہندوستانی فوج اپنے عصری اسلحہ ، فوجی ساز و سامان اور آلات کی نمائش کرے گی ۔ 68 ویں یوم جمہوریہ ہند تقاریب میں متحدہ عرب امارات کے ولیعہد شیخ محمد بن راشد النھیان مہمان خصوصی ہوں گے ۔