برلن، 5اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی ۔اسرائیل کی دوسرے مرحلہ کی بات چیت کے بعد جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے کہاکہ عدم اتفاق کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات میں پیشرفت ہوئی ہے ۔جرمنی کی چانسلر نے جمعرات کواسرائیل کے وزیراعظم بنجامن نتن یاہو کے ساتھ بات چیت کے بعد پریس کانفرنس میں کہاکہ جرمنی اور اسرائیل کے مابین کئی معاملات پر عدم اتفاق ہے اور ان میں سب سے اوپر فلسطین ہے ۔عدم اتفاق کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات اور آپسی بات چیت آگے بڑھی ہے ۔ جرمنی اور اسرائیل پرانی نااتفاقی کو علیحدہ کرکے آپسی تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔جیو نیوز کے مطابق مسٹرنتن یاہو نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ اسرائیل اور جرمنی کے مضبوط تعلقات علاقہ کے دیگر ممالک اور پوری دنیا کے سامنے مثال پیش کرسکتے ہیں۔مسٹر نتن یاہو یوروپی ممالک کو ایران نیوکلیئر معاہدہ کے معاملہ پر امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی پیروی کرنے کیلئے راضی کرنا چاہتے ہیں۔ اسرائیل مضبوطی کے ساتھ ایران نیوکلیئر معاہدہ کی مخالفت کررہا ہے ۔مرکل نے کہاکہ جرمنی بھی اسرائیل کی طرح یہ چاہتا ہے کہ ایران ایٹمی افزودگی نہ کرے لیکن اس کا عدم اتفاق ایران کو روکنے کے اسرائیل کے طریقہ پر ہے ۔ جرمنی کا خیال ہے کہ ایران کو ایٹمی افزودگی کے راستے سے ہٹانے کا یہی سب سے بہتر طریقہ ہے ۔جرمنی اور اسرائیل کے مابین یہ ساتویں بین سرکاری بات چیت ہے ۔ اس بات چیت کو گزشتہ برس اختلافات کا حوالہ دیتے ہوئے سرکاری طورپر ملتوی کردیا گیا تھا۔