عدالت کو روانگی کے دوران واقعہ ، سماعت کی دیگر مقام کو منتقلی پر زور
جئے پور۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پہلو خاں کی ہجومی تشدد کے مقدمہ کے چار گواہوں پر آج راجستھان کے ضلع الور کی مقامی عدالت میں جرح کیلئے روانگی کے دوران بعض نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ بعدازاں ان گواہوں نے جن میں پہلو خاں کے دو بیٹے بھی شامل ہیں، مقدمہ کی سماعت کسی دوسری عدالت کو منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔ پہلو خاں کے دو بیٹوں ارشاد اور عارف کے علاوہ عظمت اور رفیق ان کے وکیل اسد حیات اور ڈرائیور ہریانہ کے علاقہ نوہ سے بہرور ٹاؤن روانہ ہورہے تھے کہ انہیں گولیاں چلائی گئی تھیں۔ اسد حیات نے کہا کہ ’’نیمر رانا عبور کرچکے تھے اور شاہراہ پر مہاراجہ ہوٹل سے آگے بڑھے ہی تھے کہ ایک سیاہ اسکارپیو کار جس پر نمبر پلیٹ نہیں تھا، ہمیں رُکنے کیلئے اشارہ دی تھی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم نے اپنی گاڑی نہیں روکی سیاہ اسکارپیو میں موجود افراد نے جو اپنے ہاتھیوں سے چہرے چھپائے ہوئے تھے، ہم سے گالی گلوج شروع کردی اور ان کی گاڑی آگے بڑھنے کے بعد ہم پر فائرنگ کی گئی۔