عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی نئی عمارت جلد تعمیر کرنے کا اعلان

وزیر صحت لکشما ریڈی نے مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا ‘ کئی شعبوں کا معائنہ
حیدرآباد۔26اپریل(سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت کے لکشما ریڈی نے کہاکہ عثمانیہ جنرل اسپتال میں نئی عمارت کی بہت جلد تعمیر کا کام شروع کیاجائے ۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ ریاست کے سرکاری شعبہ صحت کو درکار اصلاحات کے لئے حکومت جنگی خطوط پر کام کررہی ہے اور آنے والے دنوں میں ریاست کے تمام سرکاری اسپتالوں کو کارپوریٹ طرز پر ترقی دی جائے گی ۔ انہوں نے آج عثمانیہ جنرل اسپتال میںمختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ریاستی وزیریوتھ ویلفیر پدما رائو گوڑ ‘ متعلقہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ ، ایم ایل سی محمد سلیم ، سپرنٹنڈنٹ عثمانیہ جنرل اسپتال ڈاکٹر ناگیندر او ردیگر بھی موجود تھے۔ لکشما ریڈی نے جنرل ایمرجنسی وارڈ ‘ نئی عمارت کی پہلی منزل پر کارڈائیک آئوٹ پیشنن بلاک‘ جہاں پر مریضوں کے لئے ٹو ڈی ایکو کی سہولت بھی فراہم کی جارہی کے علاوہ قلی قطب شاہ بلڈنگ میں دل کے امراض کا علاج کے لئے ایمرجنسی بلاک ‘ او رڈائیلاسس یونٹ کے بشمول مریضوں کے لئے ویٹنگ ہال کا افتتاح انجام دیا۔اس موقع پر انہوں نے مریضو ںسے ملاقات کرتے ہوئے اسپتال میںعملے کے رویہ اور علاج کے طریقے سے بھی معلومات حاصل کی۔ انہو ںنے کہاکہ حکومت تلنگانہ طبی شعبہ کے متعلق لاپرواہ نہیںہے اوربہت جلد عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کی وسیع وعریض زمین پر نئی عمار ت کی تعمیر کا کام شروع کردیاجائے گا۔ انہو ںنے کہاکہ فی الحال اسپتال میں وہ سہولتیں مریضوں کو فراہم کی جارہی ہیںجو کسی کارپوریٹ اسپتال میںدستیاب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کی ساری ملک میںکہیں اور مثال نہیںملتی ۔ انہوںنے طبی عملے کے تقررات کا بھی بھروسہ دلاتے ہوئے کہاکہ فی الحال سرکاری اسپتالوں میںموجو د عملہ کافی ہے مگر مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر بہت جلد تقررات عمل میںلائے جائیںگے۔انہوں نے کہاکہ قلب کے امراض کا شکار مریضوں کو ایمرجنسی کیس میں ایک چھت کے نیچے کی ٹوڈی ایکو کی سہولت فراہم کی گئی ۔ انہو ںنے کہاکہ اس سے قبل ایسی مریضوں کو اس طرح کی ٹسٹ کے لئے وارڈ تبدیل کرنا پڑتا تھا مگر اب اس نئے یونٹ کے قیام کے بعد وقت بھی کم ہوگااور علاج میں مزید سہولت ملے گی۔انہوں نے کہاکہ ڈائیلاسس کا نیایونٹ قائم کرتے ہوئے گردوں کے امراض کاشکار مریضوں کی سہولتوں میںمزیداضافہ کیاگیا ہے او رآنے والے دنوں میںایسے مریضوں کیلئے مزیدسہولتوں کی فراہمی کیلئے بھی کام کیاجائے گا۔