عبوری بجٹ کے خلاف طالبہ کا شرارتاً احتجاج

وزیر شہری ہوا بازی جینت سنہا کے بجٹ کی تعریف کرنے پر لڑکی نے پیچھے سے چڑایا
نئی دہلی ۔ یکم ؍ فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت کا عبوری بجٹ آج مذاق کا موضوع بن گیا۔ پارلیمنٹ ہاؤز کے احاطہ میں بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر شہری ہوابازی جینت سنہا نے بجٹ کی تعریف کی تو پارلیمنٹ کی کارروائی دیکھنے کیلئے آنے والی ایک طالبہ نے وزیر کے پیچھے سے چڑاتے ہوئے عجیب صورت بنائی۔ ٹی وی پر وزیر کا انٹرویو عام طور ہی پیچھے سے جھانکنے والی طالبہ کی دلچسپ اور شرارتاً کئے جانے والے احتجاج کو نوٹ کیا گیا ہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔ ویڈیو میں جینت سنہا نے کوئی مزاحیہ بات نہیں کی لیکن ان کی پیچھے کھڑی ہوئی لڑکی اور اس کے چہرے کے تاثرات سے ظاہر ہورہا تھا کہ وہ بجٹ کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔ یہ ویڈیو وائرل ہوگیا جس میں بتایا گیا ہیکہ یہ لڑکی جو اسکولی طالبہ دکھائی دیتی ہے، جینت سنہا کے پیچھے کھڑی ہے اور کیمرے کے سامنے عجیب و غریب شکل بناکر بجٹ کی تعریف کے جواب میں اپنی زبان باہر نکالتے ہوئے اس بجٹ کو چڑا رہی ہے۔ اس طالبہ کی انوکھی حرکت سوشل میڈیا پر مذاق کا موضوع بن گیا اور مودی حکومت کے عبوری بجٹ پر تنقیدیں کی جانے لگی ہیں۔