عامر خان کی فلم دنگل کو اے اے سی ٹی اے کی بہترین فلم کا ایوارڈ

ملبورن۔6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلین اکیڈیمی آف سینما اینڈ ٹیلیویژن آرٹس  اے اے سی ٹی اے ایوارڈس نے متفقہ طور پر عامر خان کی فلم دنگل کو بہترین ایشیائی فلم کے لیے منتخب کیا ہے۔ پیانل میں ہندوستان کی معروف اداکارہ شبانہ اعظمی بھی جیوری کی رکن تھیں جس کی قیادت ہالی ووڈ اداکار رسل کرو نے جاریہ سال کی افتتاحی تقریب کے لیے کی۔ انہوں نے افتتاحی زمرے میں عامر خان کی دنگل کو ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے پر ٹوئٹر پر فلم کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ یاد رہے کہ دنگل ہریانہ کے ایک پہلوان مہاویر پھوگٹ اور ان کی دختران کی زندگی پر مشتمل ہے جہاں عامر خان نے مہاویر پھوگٹ اور فاطمہ ثناء شیخ اور سانیا ملہوترا نے ان کی دختران گیتا اور ببیتا کا رول کیا ہے۔ علاوہ ازیں زائرہ وسیم اور سہانی بھٹناگر نے گیتا اور ببیتا کے بچپن کا اور ساکشی تنور نے ان کی ماں کا رول ادا کیا ہے۔ دنگل کے علاوہ امیتابھ بچن کی فلم پنک اور مراٹھی فلم ’’کاسو: ٹرٹل‘‘ کو بھی بہترین ایشیائی فلموں کے زمرے میں AACTA ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔ شبانہ اعظمی کے علاوہ انوپم کھیر بھی جیوری کے ارکان میں شامل تھے۔ AACTA ایوارڈ تقریبات کا انعقاد سڈنی میں کیا گیا۔