عامر خان کو بی جے پی نقصان پہنچانا چاہتی تھی اسی لئے …

نئی دہلی 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سیل اس وقت تنازعہ میں پھنس گیا جب ایک جرنلسٹ سواتی چترویدی نے اپنی تصنیف I am a Troll  میں یہ انکشاف کیاکہ ملک میں گزشتہ سال بڑھتے ہوئے عدم تحمل کے خلاف فلمی اداکار عامر خان کو سبق سکھانے کی کوشش کی گئی تھی اور ای ۔ کامرس سائٹ اسناپ ڈیل کے ساتھ فلمی اداکار کے معاہدہ کو منسوخ کروانے کیلئے مہم چلائی گئی۔ سال 2015 ء میں رام ناتھ گوئیکا ایوارڈ تقریب میں عامر خان کے ریمارکس کے ساتھ ہی اسناپ ڈیل برانڈ ایمبیسڈر کی حیثیت سے انھیں ہٹادینے کی سوشیل میڈیا پر مہم چھیڑ دی گئی تھی جس کے نتیجہ میں کمپنی نے فلمی اداکار کے ساتھ معاہدہ کی تجدید سے گریز کیا تھا۔ بی جے پی سوشیل میڈیا ٹیم کی سابق رکن سادھوی کھوسلہ کے حوالہ سے جرنلسٹ چترویدی کی تصنیف میں بتایا گیا ہے کہ مضرت رسان مہم کے پس پردہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سیل کارفرما تھا اور اس خصوص میں انھیں سیل کنوینر ارویند گپتا سے واٹس ایپ پیام بھی موصول ہوا تھا۔ چترویدی نے نہ صرف عامر خان کے خلاف مہم کا تذکرہ کیا ہے بلکہ آئی ٹی سیل کی دیگر مہمات کا بھی پردہ فاش کیا ہے تاہم انھوں نے یہ سوال بھی اُٹھایا کہ جمہوریت میں حکمران جماعت کیونکر اس طرح کی مہم چلاسکتی ہے اور وزیراعظم ان کارندوں سے ملاقات کرکے مبارکباد کیسے پیش کرسکتے ہیں جوکہ رسوا کن مہم چلانے میں پیش پیش رہتے ہیں۔ محترمہ چترویدی نے بتایا کہ ایک جرنلسٹ کی حیثیت سے میں نے اپنی تصنیف میں ان تاریک پہلوؤں کو اُجاگر کیا ہے جوکہ حکومت کے مختلف محکموں بشمول ڈیجیٹل انڈیا Death to Pressititutes کی تشہیر کی، بعدازاں دستبرداری اختیار کرلی گئی۔ انھوں نے اس رجحان کو اظہار خیال کی آزادی کے لئے خطرناک قرار دیا اور کہاکہ کسی بھی شخصیت کے خلاف گمراہ کن مہم چلاکر نقصان نہیں پہنچایا جاسکتا۔ تاہم مسٹر ارویند گپتا نے ان الزامات کی تردید کی کہ وہ یا آئی ٹی سیل کی جانب سے عامر خان کے خلاف رسواء کن مہم چلائی گئی تھی اور بتایا کہ دراصل سادھوی کھوسلہ کے کانگریس سے تعلقات ہیں جن کے حوالہ سے سواتی چترویدی کی تصنیف میں من گھڑت کہانیاں شائع کی گئی ہیں تاکہ سیاسی مفادات حاصل کئے جاسکیں۔ تاہم چترویدی نے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ سادھوی کھوسلہ کانگریس کی حامی ہیں اور بتایا کہ وہ ایک سماجی شعور کی حامل خاتون ہیں جنھوں نے پنجاب میں منشیات کی لعنت پر ایک فلم بھی بنائی ہے جبکہ ارویند گپتا نے خود دروغ گوئی کا مظاہرہ کیا ہے۔