ممبئی ۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نامور اداکار عامرخان نے ایوارڈ کی تقریبات میں شرکت نہ کرنے کا سلسلہ 16 سال بعد توڑتے ہوئے 75 واں ماسٹردیناناتھ منگیشکر ایوارڈ اپنی سوپر ہٹ فلم دنگل کیلئے قبول کیا ہے۔ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے 52 سالہ اداکار کو وشیش پرسکار پیش کیا جو مختلف شعبوں میں ممتاز شخصیات کو دیئے جانے والے دیناناتھ منگیشکر ایوارڈس کا حصہ ہے۔ افسانوی سنگر لتامنگیشکر بھی اس موقع پر موجود رہیں، جس کا اہتمام ماسٹر دیناناتھ سمرتی پرتشٹھان اور ہردیش آرٹس نے کیا۔ عامر کی ریسلنگ کے موضوع پر مبنی فلم 2016ء کی بڑی کامیاب فلموں میں شامل رہی۔ عامر نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کہا کہ آج جو کچھ بھی میری پوزیشن ہے یہ سب میری فلموں کے رائٹرس کی مرہون منت ہے۔ میں ڈائرکٹرس اور رائٹرس کی وجہ سے یہاں تک پہنچ پایا ہوں۔ میں ان تمام کا شکر ادا کرتا ہوں۔ اس موقع پر کپل دیو کو انڈین کرکٹ کیلئے ان کے غیرمعمولی رول پر ایوارڈ دیا گیا۔ مشہور اداکارہ وجینتی مالا بالی کو ہندی سنیما میں ان کے کارہائے نمایاں پر ماسٹر دیناناتھ وشیش پرسکار دیا گیا۔