عازمین حج کو زیادہ تر وقت عبادتوں میں صرف کرنے کی تلقین : مفتی عظیم الدین

تلنگانہ سے مزید دو قافلوں کی روانگی ، جناب سید عمر جلیل اور پروفیسر ایس اے شکور نے وداع کیا
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ عازمین حج کے دو قافلے آج حج ہاؤز سے تلبیہہ کی گونج میں حج بیت اللہ کیلئے سعودی عرب روانہ ہوئے۔ پہلا قافلہ آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں حج ہاؤز سے روانہ ہوا جس نے صبح 6 بجکر 20 منٹ پر شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے اڑان بھری ۔ دوسرا قافلہ شام 5 بجے حج ہاؤز سے روانہ ہوا اور رات 9.30 بجے ایرانڈیا کی خصوصی پرواز سے روانہ ہوا۔ دونوں قافلوں کو سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے وداع کیا۔ آج کے دو قافلوں کی روانگی سے تاحال تین قافلے روانہ ہوچکے ہیں اور مجموعی طور پر 1018 عازمین حج بحالت احرام جدہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ حج کیمپ میں عازمین حج کیلئے سفری دستاویزات اور دیگر امور کی عاجلانہ تکمیل کے اقدامات کئے گئے تھے۔ سید عمر جلیل اور ایس اے شکور نے ہر محکمہ کے کاؤنٹر پہنچ کر سرکاری امور کی تکمیل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ امن عالم اور تلنگانہ کی خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔ مولانا مفتی عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ نے فضائل حج اور ارکان حج کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے عازمین حج کو تلقین کی کہ اپنا زیادہ تر وقت عبادتوں میں صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایام حج کے دوران درپیش بعض دشواریوں کیلئے ذہنی طور پر تیار ہونا چاہئے۔ پہلے دونوں قافلوں میں ہر فلائیٹ میں 340 عازمین تھے جبکہ تیسری فلائیٹ میں 338 عازمین روانہ ہوئے۔ حج کیمپ اور ایرپورٹ کے حج ٹرمنل میں عازمین حج کو تمام سہولتیں فراہم کی گئی تھی۔ آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ خادم الحج کو ایرپورٹ لیجایا گیا ۔ اس موقع پر حج ہاؤز میں روح پرور مناظر دیکھے گئے اور سینکڑوںکی تعداد میں رشتہ دار اور دوست احباب وداع کرنے کیلئے موجود تھے۔ عازمین حج اور ان کے رشتہ داروں میں جذباتی ملاقاتیں دیکھی گئیں۔ ایرپورٹ کے حج ٹرمنل کے باہر بھی وزیٹرس بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کے مطابق ہر فلائیٹ میں ایک خادم الحجاج کو روانہ کیا گیا ہے۔ عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا اور عازمین حج عمرہ کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ پہلے قافلہ میں موجود خادم الحجاج نے اطلاع دی ہے کہ تمام عازمین حج خیریت سے ہیں۔ اسی دوران کل 23 اگست کو دو قافلے روانہ ہوں گے۔ پہلا قافلہ صبح 9.10 بجے پرواز کرے گا جبکہ دوسرا قافلہ دوپہر 2.10 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے روانہ ہوگا۔ دونوں قافلوں کو پرواز کے مقررہ وقت سے 4 گھنٹے قبل حج ہاؤز نامپلی سے وداع کیا جائے گا۔